افغان مفاہمی عمل میں پاکستان کے تعمیری اور مثبت کردار کو سراہتے ہیں،امریکا

جمعہ 31 جولائی 2015 15:31

واشنگٹن ۔31جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء) امریکا نے افغانستان کے مفاہمتی عمل میں پاکستان کے تعمیری اور مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ طالبان کیلئے افغانستان کے قانونی نظام کا حصہ بننے اور وہاں حقیقی معنوں میں امن قائم کرنے کاموقع ہے ۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان نے مفاہمتی عمل میں معاون کردار ادا کیا ہے اور امریکا چاہتا ہے کہ پاکستان اپنا یہ کردار جاری رکھے ۔

ترجمان نے اس عمل کو طالبان کیلئے بھر پور موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ طالبان کو اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے افغانستان میں افغان حکومت کے ساتھ امن و امان سے رہنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ طالبان افغان حکومت کی امن کیلئے مذاکرات کی دعوت قبول کر سکتے ہیں اور اس کے نتیجہ میں عالمی برادری کے حمایت یافتہ خود مختار افغانستان کے قانونی سیاسی نظام کا حصہ بن سکتے ہیں بلاشبہ یہ طالبان کیلئے مفاہمتی عمل سے فائدہ اٹھانے کا اچھا موقع ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید کہا کہ معاملات کو آگے بڑھانے اور مفاہمتی عمل میں پیش رفت کا یہی وقت ہے ۔ واضح رہے کہ امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے یہ تبصرہ جمعہ کو ہونے والے افغان مذاکرات کا دوسرا دور ملتوی کئے جانے کے بعد آیا ہے ۔ یہ مذاکرات ملا عمر کی وفات سے متعلقہ اطلاعات اور پیدا شدہ بے یقینی کے باعث افغان طالبان کی طرف سے کی جانے والی درخواست پر ملتوی کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :