پانی میں گھر ے گھروں کی حفاظت کیلئے کشتیوں کے ذریعے موبائل سکیورٹی فراہم کی گئی ہے‘شجاع خانزادہ

جمعہ 31 جولائی 2015 15:26

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء)صوبائی وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ کی سربراہی میں آج فلڈ کیبنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی جی پی ڈی ایم اے جواد اکرم، ڈائریکٹر علی عنان قمر ، ڈائریکٹر نثار احمد ثانی، ڈائریکٹر امان انور قدوائی کے علاوہ انفرمیشن، موسمیات ،صحت، سپارکو، لائیو سٹاک اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر داخلہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ریلیف کیمپوں میں قیام پذیر افراد کو تینوں وقت کا کھانا باقاعدگی سے فراہم کررہی ہے۔ اب تک 136ریلیف کیمپوں میں12167، افراد قیام پذیر ہیں جبکہ ریسکیو 1122نے سیلاب میں گھرے 12683افراد کو پانی سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ انہوں نے کہا کہ پانی میں گھر ے گھروں کی حفاظت کے لیے کشتیوں کے ذریعے موبائل سکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متاثرہ اضلاع میں250کشتیوں کے ذریعے سیلابی علاقے میں گھرے لوگوں کو پکی پکائی خوراک اور اشیاء ضروریہ باقاعدگی سے مہیا کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک90750فوڈ ہیمپرز جس میں آٹا، چائے، چینی ، دالیں ، ماچس ، گھی، بسکٹ، خشک دودھ اور دیگر ضروری چیزیں شامل ہیں ، متاثرین میں تقسیم کی جاچکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ کو ان کی طلب کے مطابق 1100لائف جیکٹس ،100عدد لائف رنگ اور8800خیمے ،15000مچھر دانیاں بھی فراہم کردی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے رودکوہیوں میں پانی کے بہاؤ کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔آئندہ چند روز تک وہاں پر بارشوں کے سلسلہ میں کمی واقع ہوجائے گی۔