ملک بھر میں سیلاب متاثرین کی مجبوریوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے تاجر حضرات سرگرم ہوگئے

جمعہ 31 جولائی 2015 15:24

ملک بھر میں سیلاب متاثرین کی مجبوریوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے تاجر حضرات ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء)ملک بھر میں سیلاب متاثرین کی مجبوریوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے تاجر حضرات سامنے آگئے۔ سیلابی علاقوں سے سستے داموں مویشی خرید کر قربانی کے موقع پر مہنگے داموں فروخت کرنے کا منصوبہ تیار کرلیاگیا۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں بارشوں کے باعث آنیوالے سیلاب کے باعث ہزاروں افراد اپنے اہل وعیال کے ہمراہ بے گھر ہوگئے ہیں،سیلابی پانی کے باعث ان کی فصلیں تباہ اور کئی مال مویشی بھی ہلاک ہوگئے ہیں، جبکہ کئی سیلاب متاثرہ افراد اپنے مال مویشیوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں لیکن مالی مشکلات کے باعث وہ اپنے مال مویشیوں کی درست طریقے سے دیکھ بھال نہیں کرسک رہے جس بات کافائدہ اٹھاتے ہوئے ملک بھر سے بیوپاری حضرات سیلابی علاقوں میں پہنچ گئے ہیں تاکہ سیلا ب سے متاثرہ لوگوں کی مجبوری سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کا مال مویشی سستے داموں خرید کرعیدالاضحی کے موقع پر اسے مہنگے داموں فروخت کرکے بھاری منافع کمایا جائے جبکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لوگوں کی آمدن کا ذریعہ ہی مال مویشی ہوتے ہیں ، وہ پورا سال مال مویشی کی دیکھ بھال کرتے ہیں تاکہ قربانی کے موقع پر انہیں اچھے داموں فروخت کر کے اپنی ضروریات زندگی کا سامان کرسکیں۔

(جاری ہے)

میڈیا اطلاعات کے مطابق سیلاب سے زیادہ متاثرہ علاقوں مظفر گڑھ، رحیم یار خان، حافظ آباد، راجن پور، لیہ، سکھر ، پنو عاقل، بدین سمیت دیگر علاقوں میں بھاری تعداد میں بیوپاری حضرات نے ڈیرے جمائے ہوئے ہیں تاکہ وہ سیلاب متاثرین کے مال مویشیوں کو اپنی من مانی قیمتوں پر خرید سکیں ، سیلاب متاثرہ افراد نے اعلی حکام سے اپیل کی ہے کہ متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے جلد از جلد اقدامات کریں تاکہ وہ عیدالاضحی سے قبل اپنے مال مویشیوں کو بہتر قیمتوں پر فروخت کرکے اپنے سال بھر کی محنت کا ٹھیک معاوضہ حاصل کرسکیں،انہوں نے کہا کہ سیلاب نے ان کی فصلیں اجاڑ کر رکھ دی ہیں جبکہ باقی کی کثر بیو پاری حضرات ان کے مال مویشی سستے داموں خرید کر نکال رہے ہیں۔