آئندہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان میں ”را“ کی سرگرمیوں کا معاملہ اٹھایا جائیگا ‘ پاکستان

جمعہ 31 جولائی 2015 15:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء) پاکستان نے آئندہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان میں ”را“ کی سرگرمیوں کا معاملہ اٹھانے کی تصدیق کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ گورد اسپور واقعہ پر بھارتی بیانات کا نوٹس لے لیا ہے ‘ کسی قسم کی جارحیت کی گئی تو بھرپور جواب دیا جائیگا جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران منزہ حسن کے سوال کے جواب میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بتایا کہ بھارت سے بات چیت میں واضح کرتے ہیں کہ آپ کی جانب سے پاکستان میں مداخلت کی جاتی ہے، یہ وقتاً فوقتاً چلتا رہتا ہے، سیکرٹریز خارجہ کی سطح پر مذاکرات میں بھی یہ معاملہ اٹھایا ہے اور سلامتی کونسل کی سطح پر بھی یہ معاملہ اٹھانے کا فیصلہ وزیراعظم کی سطح پر کیاجاتا ہے۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارتی الزامات کو مسترد کرنے کا دوبار بیان دیا گیا ہے، یہ بھی اعادہ کیا گیا ہے کہ اگر بھارتی کی طرف سے کسی جارحیت کا مظاہرہ کیا گیا تو پاکستان اس کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ بھارتی بیان پر جامع جواب دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بتایا کہ سعودی عرب میں پاکستانی قیدیوں کے ساتھ سلوک کے جائزے کے لئے 247 وزٹ کئے گئے، سعودی عرب میں پاکستانی قیدیوں کی تعداد 2 ہزار 309 ہے، سال 2014-15ء کے دوران مشنز نے کل 1085 قیدیوں کی پیروی کی، دوران جیل وزٹ یہ بات سامنے آئی کہ بعض جیلوں میں قیدیوں کی تعداد گنجائش سے زیادہ ہے، سفارتی سیاسی سطح پر یہ معاملہ اٹھایا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :