پاکستان کرکٹ بور ڈ نے 7سالوں کے دوران نجی کنسلٹنٹ سے حاصل کی جانے والی خدمات، انہیں دی جانے والی مراعات کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردی

جمعہ 31 جولائی 2015 15:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ 7سالوں کے دوران نجی کنسلٹنٹ سے حاصل کی جانے والی خدمات اور انہیں دی جانے والی مراعات کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردی ہیں ۔ جس کے تحت سات سالوں میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے 14کنسلٹنٹس کو مختلف منصوبوں کیلئے 5کروڑ 93لاکھ 77ہزار روپے کے فنڈز جاری کئے ۔ جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزارت بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے پیش کی جانے والی ایک تحریری دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے میسرز نیسپاک کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم اور قذافی سٹیڈیم لاہور میں فار اینڈ پویلین کی اپ گریڈیشن کیلئے دو کروڑ بارہ لاکھ 73ہزار روپے کے فنڈز جاری کئے جبکہ میسرز خلیل الرحمان کو پنڈی سٹیڈیم کے مین پویلین اور قذافی سٹیڈیم لاہور کے فار اینڈ کی ڈیزائن کنسلٹنی کی مد میں 60لاکھ 30ہزار سے زائد کے فنڈز جاری کئے ۔

(جاری ہے)

اپریل 2009ء میں پی سی بی نے ڈویژنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی ، ملتان اور پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے مین پویلین اور فار اینڈ پویلین سمیت گڑھی خدا بخش گراؤنڈ کی ڈیزائن کنسلٹنی اور سپر ویژن کیلئے میسرز فرید ایسوسی ایٹس کو دو کروڑ اکیس لاکھ 54ہزار روپے کے فنڈز جاری کئے ۔قذافی سٹیڈیم لاہور کی باؤنڈری وال کی ڈیزائن کنسلٹنسی کیلئے جولائی 2011ء کو میسر ز راشد عزیز کو چار لاکھ 96ہزار روپے ، میسرز الائیڈ انجینئرنگ کنسلٹنٹ کو ایک لاکھ 60ہزار روپے ، اسلام آباد کرکٹ سٹیڈیم کی سکیورٹی روم اور باؤنڈری وال کی تعمیر کیلئے میسرز ڈائمن ایسوسی ایٹس کو دس لاکھ 64ہزار روپے ، قذافی سٹیڈیم ، اسلام آباد ، میر پور اور ایبٹ آباد سٹیڈیم کے لئے یونیک انجینئرنگ کو کنسلٹنسی پر ایک لاکھ پندرہ ہزار روپے ، اسلام آبا د کرکٹ سٹیڈیم کی انوائرمنٹ پروٹیکشن کیلئے میسرز پروجیکٹ پراکیومنٹ انٹرنیشنل کو دو لاکھ پچاسی ہزار روپے ، ایبٹ آباد کرکٹ سٹیڈیم کی باؤنڈری وال کی تعمیر کیلئے ڈیزائن کنسلٹنسی پر میسرز پرویز اقبال ایسوسی ایٹس کو تین لاکھ 68ہزار روپے ، میسرز ثناء ایسوسی ایٹس کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں بائیو مکینک لیب کی ڈیزائن کنلسٹنسی کیلئے ایک لاکھ تیس ہزار روپے ،میسرز شہزاد ایسوسی ایٹس کو پی سی بی کے قانونی و متنازعہ امور نمٹانے کیلئے 5لاکھ 94ہزار روپے ، میسرز والیم کو ڈیزائن کنسلٹنسی پر پانچ لاکھ 10ہزار روپے ، قذافی سٹیڈیم لاہور کے فار اینڈ پویلین کیلئے میسرز نادا کو ڈیزائن کنسلٹنسی اور سپر ویژن پر 33لاکھ 17ہزار روپے اور ثناء ایسوسی ایٹس کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں بائیو مکینک لاہور کی لیب کیلئے 27لاکھ 75ہزار روپے سے زائد کے فنڈز جاری کئے