سی ڈی اے میں کرپشن کی شرح میں دوگنا اضافہ

جمعہ 31 جولائی 2015 15:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء) وفاقی ترقیاتی ادارے سی ڈی اے میں کرپشن کا ناسور ناقابل علاج بن چکا ہے ۔ ایف آئی اے کی طرف سے چھپن سے زائد کیسوں کی انکوائریاں شروع کرنے کے باوجود سی ڈی اے میں کرپشن کی شرح میں دوگنا اضافہ ہوچکا ہے ۔ وزارت داخلہ نے ایف آئی اے کوسی ڈی اے کے کرپٹ عناصر کو پکڑنے کے لئے نئی حکمت عملی تیار کرنے کا حکم جاری کردیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ اور ایف آئی اے حکام اب سی ڈی اے میں کرپشن روکنے کے لئے ایک نئی حکمت عملی پر کام کررہے ہیں کیونکہ اس سے پہلے کئی میگا سکینڈل کی دستاویزات ایف آئی اے نے اپنے قبضہ میں لیں اور پھر کئی سال بعد جب انکوائری مکمل ہوئی تو معلوم ہوا ہے کہ اس سکینڈل کے سب کردار یا تو فوت ہوچکے ہیں اور یا پھر ریٹائر ہوچکے ہیں ذرائع کے مطابق ایف آئی اے حکام نے سی ڈی اے کی کرپشن کے آگے بند باندھنے کیلےء اب اپنے مخصوص لوگوں کو پلانٹ کرکے رنگے ہاتھوں گرفتار کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے تاکہ کرپٹ عناصر نہ صرف نوکریوں سے فارغ ہو جائیں بلکہ انہیں جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرکے سزا دلوائی جاسکے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ایف آئی اے نے اپنی کامیاب حکمت عملی کے ذریعے سی ڈی اے کے دو افسران کو گرفتار کرلیا ہے ملزمان نے ایک شہری سے پلاٹ کی الاٹمنٹ کے سلسلہ میں رشوت لی تھی ایف آئی اے نے ناقابل تردید ثبوتوں کے ساتھ انہیں گرفتار کیا ہے سی ڈی اے کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے آن لائن کو بتایا ہے کہ ایف آئی اے کی اگر یہ کارروائیاں جاری رہیں تو سی ڈی اے میں کرپشن بہت جلد کم ہوجائے گی ۔

متعلقہ عنوان :