وزیراعظم جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان میں ”را“ کی سرگرمیوں کا معاملہ اٹھائیں گے، گورداسپور واقعہ پر بھارتی بیانات کا نوٹس لیا ہے، پاکستان کسی قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے،سرتاج عزیز

جمعہ 31 جولائی 2015 14:55

اسلام آباد ۔ 31 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی و خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف آئندہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان میں ”را“ کی سرگرمیوں کا معاملہ اٹھائیں گے، گورداسپور واقعہ پر بھارتی بیانات کا نوٹس لیا ہے، اگر بھارت کی جانب سے کسی قسم کی جارحیت کی گئی تو پاکستان بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران منزہ حسن کے سوال کے جواب میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بتایا کہ بھارت سے بات چیت میں واضح کرتے ہیں کہ آپ کی جانب سے پاکستان میں مداخلت کی جاتی ہے، یہ وقتاً فوقتاً چلتا رہتا ہے، خارجہ سیکرٹریزکی سطح پر مذاکرات میں بھی یہ معاملہ اٹھایا ہے اور سلامتی کونسل کی سطح پر بھی یہ معاملہ اٹھانے کا فیصلہ وزیراعظم کی سطح پر کیاجاتا ہے۔

عمران ظفر لغاری کے جواب میں سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارتی الزامات کو مسترد کرنے کا دوبار بیان دیا گیا ہے، یہ بھی اعادہ کیا گیا ہے کہ اگر بھارتی کی طرف سے کسی جارحیت کا مظاہرہ کیا گیا تو پاکستان اس کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی بیان پر جامع جواب دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔