بہارہ کہو ہاؤسنگ سکیم کیلئے 18000 کنال زمین حاصل کی گئی ، پلاٹوں کی کمی کامسئلہ درپیش نہیں ہوگا،صحافیوں و دیگر شعبہ ہائے زندگی لوگوں کو شامل کیا گیا ، آئینی اداروں کے ملازمین کیلئے 48پلاٹ مختص کئے گئے ہیں

پارلیمانی سیکرٹری برائے ہاؤسنگ سید ساجد مہدی کا توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب

جمعہ 31 جولائی 2015 14:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے ہاؤسنگ سید ساجد مہدی نے کہا ہے کہ بہارہ کہو ہاؤسنگ سکیم کیلئے 18000 کنال زمین حاصل کی گئی جبکہ پلاٹوں کی کمی کامسئلہ درپیش نہیں ہوگا، اس میں صحافیوں و دیگر شعبہ ہائے زندگی لوگوں کو بھی شامل کیا گیا ، آئینی اداروں (قومی اسمبلی و سینیٹ) کے ملازمین کیلئے 48پلاٹ مختص کئے گئے ہیں۔

جمعہ کو یہاں مسلم لیگ(ن) کی ایم این اے طاہرہ اورنگزیب کے توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دے رہے تھے، سپیکر سردار ایاز صادق نے معاملہ قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ کو بھجوادیا۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے ہاؤسنگ سید ساجد مہدی نے کہا کہ بہارہ کہو ہاؤسنگ سکیم کا دوبارہ اخبار میں اشتہار شائع کرایا ہے جبکہ اس میں صحافیوں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی کے لوگوں کو شامل کیا گیا ہے جبکہ مذکورہ سکیم پہلے آؤ پہلے آؤ کی بنیادپر شروع کی گئی ہے اور یہ سکیم 18000کنال پر مشتمل یہ، لہٰذا پلاٹوں کی کمی کا مسئلہ درپیش نہیں ہو گا۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ(ن) کی ایم این اے طاہرہ اورنگزیب کے سوال پر انہوں نے کہا کہ سکیم میں آئینی اداروں کیلئے 48پلاٹ رکھے گئے ہیں جبکہ 23پلاٹ قومی اسمبلی کے حصے میں ہیں۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ نئی درخواستیں بہارہ کہو ہاؤسنگ سکیم کے فیز ٹو کیلئے مانگی گئی ہیں۔رکن اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے توجہ دلاؤ نوٹس پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئینی اداروں( قومی اسمبلی و سینیٹ) کے جن ملازمین نے بہارہ کہو ہاؤسنگ سکیم کیلئے درخواستیں دی تھیں اور پیشگی رقوم جمع کرائی تھیں انہیں تاحال الاٹمنٹ لیٹر جاری نہیں کئے گئے حالاننکہ مذکورہ سکیم کیلئے پہلے آؤ پہلے پاؤ کی بنیاد پر درخواستیں طلب کی گئی تھیں۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے معاملہ مزید غور و خوض کیلئے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس کو بھجوادیا ہے