Live Updates

مولانا فضل الرحمن سیاسی مفاہمت کو برقرار رکھنے کیلئے پی ٹی آئی کو ڈی سیٹ کرنے کی تحریک واپس لیں ،ملک میں سیاسی بحران نہیں چاہتے ،جمہوری عمل کو اچھے انداز میں آگے بڑھانا چاہیے، پی ٹی آئی کے اراکین کی رکنیت ختم نہیں کرنا چاہتے

وزیراعظم نواز شریف کی جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 31 جولائی 2015 14:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن پر زور دیا ہے کہ سیاسی مفاہمت کو برقرار رکھنے کے لئے قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کو ڈی سیٹ کرنے کی تحریک واپس لی جائے‘ مولانا فضل الرحمن نے تحریک واپس لینے سے انکار کرتے ہوئے پارٹی سے دوبارہ مشاورت کے لئے وقت مانگ لیا۔

جمعہ کو وزیر اعظم نواز شریف سے جے یو آئی (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی جس میں وزیر اعظم نے مولانا فضل الرحمان کوتحریک انصاف کے اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کے مطالبے سے دستبردار ہونے کی تجویزدی اور کہا کہ ملک میں سیاسی بحران نہیں چاہتے ،جمہوری عمل کو اچھے انداز میں آگے بڑھانا چاہیے،وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اراکین کی رکنیت ختم نہیں کرنا چاہتے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں مولانا فضل الرحمن نے وزیر اعظم کو اپنے موقف سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کی تحریک واپس نہیں لیں گے پارٹی رہنماؤں سے مزید مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ تحریک انصاف کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک آئین اور قانون کے مطابق ہے ،قانونی طور پر پی ٹی آئی کے اراکین رکن نہیں رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاملے کا آئین کے اندر رہ کر حل نکالا جانا چاہیے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات