23 غیر ملکی این جی اوز کے خلاف قواعد و ضوابط پورا نہ کرنے پر با قاعدہ کارروائی کا آغاز کردیا گیا

رجسٹریشن منسوخی کے عمل میں تین سے چار ماہ لگ سکتے ہیں ‘حکام

جمعہ 31 جولائی 2015 13:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء) وفاقی حکومت نے پاکستان میں کام کرنے والی 23 غیر ملکی این جی اوز کے خلاف قواعد و ضوابط پورا نہ کرنے پر با قاعدہ کارروائی کا آغاز کیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے ان این جی اوز کی رجسٹریشن منسوخی کا عمل شروع کیا ‘دستیاب سرکاری دستاویز کے مطابق جن این جی اوز کی رجسٹریشن منسوخی پر کام شروع کیا گیا ہے ان میں برٹش کونسل ‘ سیوو دی چلڈرن جاپان ‘ انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن ‘وار چائلڈ ‘ورلڈ ایجوکیشن ‘ کوآپریٹو ہاؤسنگ فاونڈیشن ‘ ایچ ایم ڈی انٹرنیشنل ریسپانس ‘ ہیومن کنسرن انٹرنیشنل ‘ رجسٹرڈ نان پرافٹ آرگنائریشن جین ‘ پائنیکل ایجوکیشن سروسز ‘ اوور سیز ڈی ویلپمنٹ کارپوریشن ‘ انٹرنیشنل ریلیف اینڈ ڈی ویلپمنٹ ‘ ایچ ٹی ایس پی ای لمیٹڈ ‘ گوبل ریلیف فاونڈیشن ‘ گوبل پارٹنر ‘ ایجوکیشن ڈویلپمنٹ سینٹر ‘ کیگ اوگریٹم ‘ اے این ڈی ایف آئی ‘ امریکن انسٹی ٹیوٹ فار ریسرچ ان بی ہیوریئل سائنسز ‘ البائن پاکستان اورالاہایہ ٹرسٹ شامل ہے حکام کے مطابق ایس ای سی پی میں کل 33 بین الاقوامی این جی اوز رجسٹرڈ ہیں، جن میں سے 23 کے خلاف کارروائی شروع کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

حکام کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن منسوخی کے عمل میں تین سے چار ماہ لگ سکتے ہیں ۔خیال رہے کہ دو ماہ قبل بین الاقوامی امدادی گروپ سیو دی چلڈرن پر پاکستان میں پابندی عائد کرکے اسلام آباد میں ان کا دفتر سیل کردیا گیا تھا بعد ازاں ایک نوٹیفیکیشن کے ذریعے کام کرنے کی اجازت دے دی گئی تھی۔وفاقی حکومت نے غیر ملکی این جی اوز کو متعلقہ حکام کی اجازت کے مطابق کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے 3 ماہ کے اندر ازسرنو رجسٹریشن کروانے کی ہدایت کی تھی۔حکومت کی جانب سے فیصلہ کیا گیا تھا کہ تمام غیر ملکی این جی اوز کو 6 ماہ تک پاکستان میں کام کرنے کی اجازت ہوگی تاہم ان این جی اوز کی 3 ماہ کے اندر ازسرنو رجسٹریشن کی جائے گی۔