راجن پور،انتظامیہ نے کچے کے علاقوں میں فلڈ وارننگ جاری کردی

جمعہ 31 جولائی 2015 13:02

راجن پور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء ) راجن پور میں انتظامیہ نے کچے کے علاقوں میں فلڈ وارننگ جاری کردی۔ موسم کی صورتحال اب بھی خراب ہے جس کی وجہ سے راجن پور اور قریبی بستیوں کو خطرات لاحق ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے کچے کے علاقوں میں فلڈ وارننگ جاری کردی ۔ ادھر سکھر اور گڈو بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔راجن پور اور گردونواح کے علاوہ کوہِ سلیمان میں رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جسکی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی ہے۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ کے مطابق سیلابی ریلوں سے اب تک 87 بستیاں زیرِآب آچکی ہیں جن سے28 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں اور 43 ہزار ایکڑ اراضی کو نقصان پہنچا ہے۔ راجن پور کے علاقے پْل پٹھان کے مقام پر سنگین سیلابی صورتحال کے باعث راجن پورشہر کو بچانے کیلیے ضلعی انتظامیہ نے پْل سیفن میں بارودی مواد نصب کرنے کی کوشش کی تھی جسے مقامی لوگوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے رکوا دیا۔ اسی وجہ سے ندی نالوں کی طغیانی اب پل پٹھان کی دونوں نہروں کو منتقل ہورہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے سندھ سے 6 لاکھ کیوسک پانی کا ریلہ کوٹ مٹھن کے مقام سے گزرے گا، جس کے باعث کوٹ مٹھن اور روجھان میں کچے کے علاقے میں فلڈ وراننگ جاری کردی ۔