غیر ملکی خواتین کی پاکستان میں غیر اخلاقی سر گرمیاں، سفارتخانوں کے ملوث ہونے بارے میڈیا میں غلط تاثر دیا گیا ‘ ماضی میں ایسی خواتین کو بعض شخصیات ویزے دلانے میں مدد کیا کرتی تھیں

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی آئی این پی سے غیر رسمی بات چیت

جمعہ 31 جولائی 2015 12:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ غیر ملکی خواتین کی پاکستان میں غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے حوالے سے بعض سفارتخانوں کے ملوث ہونے بارے میڈیا میں غلط تاثر دیا گیا ‘ ماضی میں ایسی خواتین کو بعض شخصیات ویزے دلانے میں مدد کیا کرتی تھیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ”آئی این پی“ سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ گزشتہ روز انہوں نے قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران یہ نہیں کہا تھا کہ غیر ملکی خواتین کے اسلام آباد میں غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہونے میں بعض سفارتخانوں کا بھی کوئی کردار ہے اس حوالے سے میڈیا میں غلط تاثر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے یہ کہا تھا کہ ماضی میں بعض شخصیات کا یہ کردار تھا کہ وہ ایسی خواتین کو ویزے دلواتے رہے ہیں اور ویزوں کے اجراء کے لئے پاکستانی سفارتخانوں کو سفارشیں کی جاتی تھیں اسلام آباد میں موجود غیر ملکی سفارتخانوں کا پاکستان کے لئے ویزوں کے اجراء سے کوئی تعلق نہیں ہوتا اس حوالے سے غلط تاثر میڈیا میں دیا گیا جس کی میں وضاحت کرنا ضروری سمجھتا ہوں۔