جماعةالدعوة پاکستان کا کل یکم اگست سے ملک گیر سطح پر احیائے نظریہ پاکستان مہم شروع کرنے کا اعلان

جمعہ 31 جولائی 2015 12:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 جولائی۔2015ء) جماعةالدعوة پاکستان نے یکم اگست سے ملک گیر سطح پر احیائے نظریہ پاکستان مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ چاروں صوبوں وآزاد کشمیر میں جلسوں، کانفرنسوں اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ 9اگست کو لاہور میں بڑا سیمینارہو گاجس میں ملک بھر کی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین و دانشور حضرات خطاب کریں گے جبکہ 14اگست کو پورے ملک میں پروگرام ہوں گے۔

یوم آزادی کے حوالہ سے ہونے والے جلسوں اور ریلیوں میں طلباء، وکلاء ، تاجروں، کسانوں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوں گے۔ملک بھر میں تشہیری مہم چلائی اور کیمپنگ کی جائے گی۔ بھارت و دیگر اسلام دشمن قوتیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے خوفناک سازشیں کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

دہشت گردی و تخریب کاری، لسانیت اور فرقہ وارانہ قتل و غارت پروان چڑھانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

پاکستان کا مطلب کیا‘ لاالہ الااللہ کا نعرہ ہر فرد کے ذہن میں پختہ کرنے کی ضرورت ہے۔بیرونی قوتوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کیاجائے۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریلیف و ریسکیو آپریشن مزید تیز کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعیدنے مرکز القادسیہ چوبرجی میں ہونے والے مرکزی، زونل و ضلعی ذمہ داران کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما حافظ عبدالسلام بن محمد، حافظ عبدالرحمن مکی، پروفیسر ظفر اقبال، حافظ عبدالغفار المدنی، مولانا امیر حمزہ، مولانا سیف اللہ خالد، مولانا شمشاد احمد سلفی،کرنل (ر) نذیر احمد، قاری محمد یعقوب شیخ،انجینئر نوید قمر،حافظ محمد مسعود، حافظ عبدالرؤف، مولانا ابو الہاشم،محمد یحییٰ مجاہد، حافظ طلحہ سعید، حافظ خالد ولید، انجینئر محمد حارث، راشد علی و دیگرموجود تھے۔

جماعةالدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعیدنے اپنے خطاب میں کہاکہ حکومت پاکستان کی بھارت سے یکطرفہ دوستی کی کوششوں سے کشمیریوں کا اعتماد مجروح ہو رہا ہے۔مظلوم کشمیری مسلمان پاکستان کا پرچم لہراتے ہوئے اپنے سینوں پر گولیاں کھا رہے ہیں تو ہمیں بھی ان کی مددوحمایت سے کسی صورت پیچھے نہیں رہنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ نظریہ پاکستان مہم کے حوالہ سے ملک بھرکی سیاسی و مذہبی قیادت، علماء کرام، دانشوروں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات سے رابطے اور وسیع تر اتحاد قائم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

بھارت بلوچستان، سندھ ، خیبر پی کے و دیگر علاقوں میں دہشت گردی اور لسانیت پرستی کو پروان چڑھا رہا ہے ۔ وہ دہشت گردی خود کرتا ہے اور پروپیگنڈا پاکستان کے خلاف کیا جاتا ہے۔وطن عزیز پاکستان کا مضبوط و مستحکم ہونا بیرونی قوتوں کو برداشت نہیں ہو رہا۔ ان حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان نسل کو دشمنان اسلام کی سازشوں اور نظریہ پاکستان کی ضرورت و اہمیت سے آگاہ کیاجائے تاکہ وہ دفاع پاکستان کیلئے چلائی جانے والی ملک گیر تحریک میں ہراول دستہ کا کردار ادا کرسکیں۔

حافظ محمد سعید نے کہاکہ 1947ء کی طرح آج بھی پاکستان کے خلاف بھارتی سازشیں عروج پر ہیں۔ خاص طور پر نوجوان نسل میں بے دینی و بے حیائی پھیلا کر ان کے دل و دماغ سے غیرت و حمیت ختم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔آج ایک بار پھر ملک میں قیام پاکستان والے جذبے پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔پاکستان کا مطلب کیا‘ لاالہ الااللہ کا نعرہ جس قدر مضبوط ہو گااتنا ہی یہ ملک مستحکم ہو گا۔

کلمہ طیبہ کی بنیاد پر ہی مسلمان متحد و منظم اور فرقہ واریت و لسانیت پرستی کے جھگڑے ختم ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وطن عزیز پاکستان کے خلاف بیرونی سازشوں کے توڑ کیلئے احیائے نظریہ پاکستان مہم بہت بڑا کردار اد اکرے گی۔ کارکنان قریہ قریہ ، شہرشہر جاکر لوگوں کو قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد سے آگاہ کریں۔انہوں نے کارکنان و ذمہ داران کو ہدایات جاری کیں کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو مزید منظم کیا جائے اور ریلیف و ریسکیو آپریشن تیز کرتے ہوئے متاثرین کے معمولات زندگی بحال کرنے کی کوششیں کی جائیں۔

متعلقہ عنوان :