بند گوبھی غذائیت کے اعتبار سے اہم سبزی اور کینسر، دل اور معدہ کی بیماریوں کے خلاف اہم کردار ادا کرتی ہے،ترجمان محکمہ زراعت پنجاب

جمعرات 30 جولائی 2015 22:48

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء) محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان کے مطابق بند گوبھی غذائیت کے اعتبار سے اہم سبزی اور کینسر، دل اور معدہ کی بیماریوں کے خلاف اہم کردار ادا کرتی ہے۔ بند گوبھی میں حیاتین سی کے علاوہ معدنی نمکیات، آئرن اور فاسفورس کی کافی مقدار پائی جاتی ہے۔ بند گوبھی کی کاشت کیلئے سرد مرطوب موسم ضروری ہے اور اس کی پنیری کی کاشت اگست سے اکتوبر تک کی جاتی ہے جبکہ نومبر میں کھیت میں منتقل کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

بند گوبھی کی پود لگانے کے چھ ہفتوں بعد کھیت میں منتقلی کے قابل ہوجاتی ہے اور ایک ایکڑ میں پود اُگانے کیلئے 500 گرام بیج کی ضرورت ہوتی ہے۔ بند گوبھی کی کاشت کیلئے کاشتکار اچھی ساخت، بہتر نامیاتی مادہ اور اچھے نکاس والی زرخیز میرا زمین کا انتخاب کریں اور بوائی کے وقت دو بوری امونیم سلفیٹ فی ایکڑ ڈال کر زمین تیار کرکے ایک کنال سائز کی کیاریاں تیار کریں۔ 75 سینٹی میٹر کے فاصلہ پر کھیلیاں بنا کر ان میں پانی چھوڑ دیا جائے اور شام کے وقت پنیری وتر والی جگہ پر کاشت کی جائے۔ کاشتکار سبزیوں کی کاشت کو فروغ دے کر نہ صرف اپنی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ کرسکتے ہیں بلکہ قریبی آبادی کو اچھی اور تازہ سبزیاں بھی فراہم کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :