کپاس کی فصل پر سپرے کے بہتر نتائج کے حصول کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں ،نظامت زرعی اطلاعات پنجاب

جمعرات 30 جولائی 2015 22:48

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء) نظامت زرعی اطلاعات پنجاب نے کہا ہے کہ کپاس کی فصل پر سپرے کے بہتر نتائج کے حصول کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں ۔ترجمان کے مطا بق کاشتکارسپرے مشین کا انتخاب کھیت کی نوعیت کے مطابق اس طرح کریں کہ پورا کھیت ہفتہ میں کم از کم ایک یا دو بار سپرے ہو جائے۔ اگر کپاس 10 ایکڑ سے کم رقبہ پر کاشت کی گئی ہو تو نیپ سیک سپریئر استعمال کریں۔

اگر رقبہ 10 سے 125 ایکڑ کے درمیان ہو تو سولو پاور سپریئر اور 25 سے 150 ایکڑ کے درمیان رقبہ ہونے کی صورت میں 200 لٹر والی ٹریکٹر بوم سپریئر کا انتخاب کریں۔ اگر رقبہ 150 ایکڑ سے زیادہ ہو تو 400 لٹر والی ٹریکٹر بوم سپریئر کا انتخاب کریں۔ سپرے صبح یا شام کے اوقات میں کریں جب درجہ حرارت کم ہو۔

(جاری ہے)

بارش کا امکان ہونے کی صورت میں سپرے ہر گز نہ کریں، سپرے سے قبل مشین کا اچھی طرح معائنہ کریں۔

کیڑے مار اور پھپھوند کش ادویات کیلئے ہولو کون نوزل اور جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لئے فلیٹ فین (ٹی جیٹ) نوزل استعمال کریں۔ اس بات کا خیال رکھیں کہ مشین لیک نہ کر رہی ہو اور پریشر صحیح ہو، ٹریکٹرمشین کی صورت میں تمام نوزل یکساں فوارے دے رہے ہوں۔ سپرے کرتے وقت نوزل کو پودے کے اوپر ڈیڑھ تا دو فٹ کے فاصلے پر رکھیں اور سپرے کرتے وقت ہاتھ کو ادھر ادھر مت گھمائیں بلکہ سیدھ میں رکھیں۔

نیپ سیک ہینڈ سپریئر سے 2 سے زیادہ قطاروں میں سپرے نہ کریں۔ سپرے کے دوران وقتاً فوقتاً معائنہ کرتے رہیں کہ نوزل کہیں بند نہ ہو اور پریشر یکساں ہو۔ سپرے ہمیشہ ہوا کے رخ پر کریں، سپرے کے دوران کھانے پینے اور تمباکو نوشی سے پرہیز کریں۔ خراب یا رسنے والا سپریئر ہر گز استعمال نہ کریں ۔ سپرے کے وقت لمبی آستینوں والا لباس، دستانے اور منہ ڈھانپنے والا ماسک ضرور استعمال کریں۔ سپرے کے بعد مشین کی صفائی صحیح طور پر کریں، صابن سے ہاتھ منہ دھوئیں اور آلودہ کپڑے تبدیل کریں۔ سپرے کا اثر ہونے کی صورت میں بوتل کے لیبل سمیت فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

متعلقہ عنوان :