نوجوانوں کی پیشہ وارانہ تربیت کے بغیر بے روزگاری کا خاتمہ ممکن نہیں، وزیر اعلیٰ بلوچستان

جمعرات 30 جولائی 2015 22:15

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء ) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی پیشہ وارانہ تربیت کے بغیر بے روزگاری کا خاتمہ ممکن نہیں، ترقی یافتہ ممالک کی قومی آمدن کا بڑا ذریعہ سروسز سیکٹر(خدمات کے شعبے )سے آتا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکاری تنظیم کے زیر اہتمام نوجوانوں کی پیشہ وارانہ تربیتی پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ صوبے میں نوجوانوں کی پیشہ وارانہ تربیت پر بہت پہلے توجہ دینی کی ضرورت تھی، ترقی یافتہ ممالک کی قومی آمدن کا سب سے بڑاذریعہ خدمات کا شعبہ ہے، اگر ہم نوجوانوں کو ہنر مند بنائیں گے تو صوبے میں کوئی شخص بے روزگار نہیں رہے گا، وزیر اعلیٰ نے صوبے میں پیشہ وارانہ سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے "بلوچستان سکلڈ فنڈز" (Balochistan Skilled Funds) کے قیام کا اعلان کیا، انہوں نے کہا کہ حب میں صنعتوں کے قیام اور کارخانوں کو ہنر مند افرادی قوت کی فراہمی کے لیے ٹریننگ سینٹر کا قیام عمل میں لایا گیا لیکن بدقسمتی سے یہ ادارہ محکمانہ غفلت کے باعث بند ہوگیا، انہوں نے کہا کہ پولی ٹیکنیک کالجز اور ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹرزکو نجی اور حکومتی شعبوں کے اشتراک میں دینے کا جلد فیصلہ کیا جائے، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے غیر سرکاری تنظیم ترقی فاؤنڈیشن کی جانب سے بلوچستان میں نوجوانوں کو پیشہ وارانہ تربیت کی فراہمی کے پروگرام شروع کرنے کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ مذکورہ پروگرام سے نہ صرف صوبے سے بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا بلکہ صوبے کے نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

(جاری ہے)

تقریب سے رکن صوبائی اسمبلی راحیلہ حمید درانی، میئر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ ڈاکٹر کلیم اﷲ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :