بارش سے متاثرہ علاقوں کی عوام کی بھرپور مدد، بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے، وزیر داخلہ بلوچستان

ش

جمعرات 30 جولائی 2015 22:15

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء ) صوبائی وزیر داخلہ وپی ڈی ایم اے میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے کے بارش سے متاثرہ علاقوں کے عوام کی بھر پور امداد کرتے ہوئے انکی امداد و بحالی کے لئے تمام وسائل بروئے کا ر لائے جائیں گے اور انہیں مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لورالائی ، موسیٰ خیل اور بارکھان اضلاع کے بارشوں سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران متاثرین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جبکہ انہوں نے مذکورہ علاقوں میں امدادی و بحالی کی جاری سرگرمیوں کا جائزہ بھی لیا جہاں انہیں متعلقہ ڈپٹی کمشنر وں اور دیگر متعلقہ حکام کی جانب سے بریفینگ دی گئی ۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے طاہر منیر منہاس اور کمشنر ژوب ڈویژن بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ قدرتی آفات کے سامنے انسان بے بس ہے ۔ تاہم ہمت ، بہادری اور تحمل کے ساتھ ان آفات کا مقابلہ کر کے مشکلات کو کم ضرور کیا جا سکتا ہے ۔جبکہ حفاظتی اقدامات کے ذریعے نقصانات کو بھی کم سے کم سطح پر رکھنا ممکن ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ متاثرین مطمین رہیں۔

حکومت ان کے ساتھ امداد اور انکی بحالی کے لئے کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کیا جائے گا ۔انفرادی طور پر پہنچنے والے نقصانات کے ازالے کے ساتھ ساتھ متاثرہ بنیادی ڈھانچے کو بھی فوری طور پر فعال بنایا جائے گا ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ متاثرہ علاقوں کے ان کے دورے کا مقصد نقصانات کا جائزہ لے کر امداد و بحالی کی سرگرمیوں کو مزید موثر اور وسیع بنانا ہے جس کی رپورٹ و ہ وزیر اعلیٰ کو پیش کرینگے۔اس موقع پر متاثرین کی جانب سے صوبائی وزیر کو بعض مشکلات و مسائل سے آگاہ کیا گیا جس پر صوبائی وزیر نے ان کے حل کی یقین دہانی کرائی ۔ دورے کے دوسرے مرحلے میں صوبائی وزیر ژوب روانہ ہو گئے ۔

متعلقہ عنوان :