Live Updates

عمران خان کا چیف الیکشن کمشنر کے نام خط ،جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کی روشنی میں عام انتخابات کے آر اوزاور پولنگ عملے کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

کمیشن کی رپورٹ کے بعد غفلت کے مرتکب آر اوز و دیگر عملے کو 2سال قید ہو سکتی ہے‘ پی ٹی آئی کے چیئرمین کا چھ صفحات پر مبنی خط

جمعرات 30 جولائی 2015 22:09

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کی روشنی میں 2013 کے عام انتخابات کے ریٹرننگ افسران اور پولنگ عملے کے خلاف کارروائی کے لئے چیف الیکشن کمشنرکو خط ارسال کر دیا ،ملاقات کیلئے بھی وقت مانگ لیا ۔چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کو لکھے گئے چھ صفحات پر مشتمل خط میں عمران خان نے کہا ہے کہ انکوائری کمیشن کی رپورٹ نے ریٹرنگ افیسران اور دیگر عملے کو بے نقاب کر دیا اورآر اوز اور انتخابی عملہ قوم کے مجرم ثابت ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ انکوائری کمیشن کی رپورٹ کی روشنی میں آر اوز اور دیگر عملہ کے خلاف فوجداری مقدمے درج کئے جائیں ۔ عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سے کہا ہے کہ کمیشن کی رپورٹ کے بعد غفلت کے مرتکب آر اوز اور دیگر عملے کو 2 سال قید ہو سکتی ہے۔ قانون کے مطابق آپ آر اوز کے خلاف فوجداری کارروائی کرنے کے پابند ہیں اور اس کا اختیار آپ کو حاصل ہے۔ عمران خان نے خط میں کہا ہے کہ یہ بھی بتایا جائے کہ انکوائری کمیشن کی رپورٹ کے بعد الیکشن کمیشن نے کیا اصلاحات کیں۔خط میں ہنگامی طورپراس نازک قومی معاملے پراپنے موقف سے بھی آگاہ کرنے کا کہاگیاہے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات