پشاور سمیت صوبے کے 14اضلاع کے358پولنگ سٹیشنوں پر ری پولنگ کاعمل مکمل ہوگیا

پشاورمیں مختلف پولنگ سٹیشنز سے جعلی ووٹ پول کرنیوالے 5افراد کوگرفتارکرکے مقدمات درج کرلئے گئے صوبے کے 358پولنگ اسٹیشنز پرانتخابی عمل صبح 7بجے شروع ہوکر شام 6بجے تک جاری رہا کسی بھی ناخوشگوار کی روک تھام کیلئے تمام اضلاع میں دفعہ 144نافذکی گئی تھی ، پولنگ سٹیشنوں پر پولیس اہلکاروں کیساتھ ایف سی ،پاک فوج کے جوان تعینات رہے

جمعرات 30 جولائی 2015 22:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء) صوبائی دارلحکومت پشاور سمیت صوبے کے 14اضلاع کے358پولنگ سٹیشنوں پر ری پولنگ کاعمل مکمل ہوگیا ہے،پشاورمیں مختلف پولنگ سٹیشنز سے جعلی ووٹ پول کرنیوالے پانچ افراد کوگرفتارکرکے مقدمات درج کرلئے ہیں ۔صوبے کے 358پولنگ اسٹیشنز پرانتخابی عمل صبح 7بجے شروع ہواورشام 6بجے تک جاری رہا اس دوران کسی بھی ناخوشگوار کی روک تھام کیلئے تمام اضلاع میں دفعہ 144نافذکیا گیا تھا،ہر پولنگ سٹیشن پر پولیس اہلکاروں کے علاوہ ایف سی اور پاک فوج کے جوان بھی پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر تعینات تھے ،پشاور میں 29پولنگ سٹیشنز پر پولیس کے 300ہزار اہلکار وں نے ڈیوٹی دی ۔

پشاور میں 17خواتین اور 12مرد پولنگ سٹیشنز پر پولنگ ہوئی ،لیڈیز ہیلتھ ورکرز بھی پولنگ سٹیشنز پر خدمات انجام دی تاہم میڈیا کوپولنگ سٹیشنز کے اندر داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔

(جاری ہے)

پولنگ سٹیشنز کے اطراف میں 500 میٹر تک قائم کئے گئے سیکیورٹی زون میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی پر سختی سے عمل در آمد کیا گیا۔پولنگ سٹیشن میں داخل ہونے سے قبل ووٹروں کی جامہ تلاشی لے کر لائن میں کھڑا کرکے ووٹ کاسٹ کرنے بھیجا گیا۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا کے 14اضلاع میں بلدیاتی الیکشن کے سلسلے میں ری پولنگ کے دوران بھی الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹر لسٹوں اور بلٹ پیپر ز میں سنگین غلطیاں سامنے آئی،کہیں بلٹ پیپرز کم چھاپے گئے تو کہیں امیدواروں کے نشانات غلط تھے، اسی طرح ووٹر لسٹوں میں بھی سنگین غلطیاں تھیں جبکہ کئی پولنگ سٹیشنزپر عملہ بروقت نہ پہنچنے پر دوپہر 12بجے تک پولنگ ہی شروع نہیں ہوئی۔

یونین کونسل امرڑ پایان میں جنرل کونسل کے امیدوار حاجی عنایت کو غلط انتخابی نشان الاٹ کیا گیا تھا جس پر متاثرہ امیدوار کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا اسی طرح پشاور شہر میں غلہ گودام میں تین پولنگ سٹیشن ٹینٹ لگا کر قائم کئے گئے تھے اور ان پولنگ سٹیشن کیلئے 300بلٹ پیپر ز کم چھاپے گئے ،مذکورہ پولنگ سٹیشن کیلئے درکار بلٹ پیپرز کی تعداد 2300 تھی تاہم الیکشن کمیشن کی جانب سے 2000بلٹ پیپرز بجھوائے گئے ۔

دوسری جانب پشاورسمیت صوبہ بھرمیں سکیورٹی کی صورتحال مجموعی طور پر بہتر رہی تاہم پشاورمیں بلدیاتی انتخابات میں ایک بارپھرجعلی ووٹوں کوپول کرنیوالی دوخواتین سمیت پانچ افرادکوگرفتارکرلیا ہے ،پولیس نے گرفتار کے خلاف مقدمات درج کرلئے ہیں پولیس کے مطابق بھانہ ماڑی میں دو خواتین جعلی ووٹ پول کرتے ہوئے گرفتارکرلی گئیں،خواتین کے قبضے سے جعلی ووٹ برآمد ہوئے ہیں، پولیس کے مطابق یکہ توت پولیس نے صاحبزادہ پبلک سکو ل سے جعلی ووٹ پول کرتے ہوئے دو افراد حراست میں لے لیا،ادھرارمڑ پایاں میں سیاسی جماعت کے کارکن سے 30جعلی ووٹ برآمد ہوئے ،جعلی ووٹ پول کرنے والے کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیا ہے، ذرائع کے مطابق ارمڑ میں جعلی ووٹوں سمیت گرفتار شخص کا تعلق مسلم لیگ (ن) سے بتایاجاتاہے۔

دوسری جانب پولنگ کے عمل میں حصہ لینے والے ووٹرز نے سیکیورٹی انتظامات کو تسلی بخش قرار دیاجبکہ شہریوں کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کے دستوں کی تعیناتی سے امن کو برقرار رکھنے میں مدد ملی ہے۔