معیار تعلیم کے فروغ کے لئے مقتدر تعلیمی اداروں کا کردار قابل ستائش ہے ،ملک محمد رفیق رجوانہ

ذہین طلبا کو اعلی تعلیم کے بھر پور مواقع فراہم کر کے مستقبل کی ذمہ داریوں سے عہدہ براہ ہونے کیلئے ہر ممکن حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے، گورنر پنجاب

جمعرات 30 جولائی 2015 21:59

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء) گورنر پنجاب و چیئرمین بورڈ آف گورنس لارنس کالج گھوڑا گلی مری ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ معیار تعلیم کے فروغ کے لئے مقتدر تعلیمی اداروں کا کردار قابل ستائش ہے اور ذہین طلبا کو اعلی تعلیم کے بھر پور مواقع فراہم کر کے مستقبل کی ذمہ داریوں سے عہدہ براہ ہونے کے لئے حکومت کی طر ف سے ہر ممکن حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے یہ بات لارنس کالج گھوڑا گلی مری کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں بورڈ آف گورنرز کے ممبران میر ظفر اﷲ خان جمالی، جے او سی 12ڈویثرن مری میجر جنرل محمد کلیم آصف ، صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت راجہ اشفاق سرور ، میاں عصمت شاہ ، انس خان ستی ، راجہ شاہد ظفر، کمشنر راولپنڈی ڈویثرن زاہد سعید اور پرنسپل کالج بریگیڈیئر (ر) مجاہد عالم نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران لارنس کالج گھوڑا گلی مری کی انتظامی و مالیاتی امور کے علاوہ تعلیمی و ہم نصابی سرگرمیوں میں طلبا کی کارکردگی اور کالج میں معیار تعلیم کی بہتری کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیاگیا۔گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ لارنس کالج گھوڑا گلی مری نے بہترین اعلی تعلیمی معیار قائم کیا ہے اور اس عظیم تعلیمی درسگاہ سے فیضیاب ہونے والے طلبا نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی اعلی کارکردگی کے باعث اس ادارے اور ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں ۔

انہوں نے اس امر پر بھی مسرت کا اظہار کیا کہ لارنس کالج گھوڑا گلی مری میں ملک کے چاروں صوبوں ، آزاد کشمیر اور دوردراز کے دیہی اور پس ماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبا بھی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر کالج میں بہترین نظم و ضبط قائم کرنے اور طلبا و اساتذہ کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے کالج کے پرنسپل اور فیکلٹی ممبران کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ کالج میں جدیدکمپیووٹرز کی فراہمی کا جائزہ لیا جائے تاکہ طلبا آئی ٹی کی بہترین سہولیات سے مستفید ہو سکیں ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ لارنس کالج گھوڑا گلی مری کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کئے جائیں اورکالج سرگرمیوں میں زیادہ سے زیادہ سابق طلبا کو بھی شریک کیا جائے۔ انہوں نے لارنس کالج گھوڑا گلی مری میں تعلیمی بہتری کے منصوبوں کے لئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کالج میں سیکیورٹی کا نظام بہتر بنانے اور دیگر سہولیات کے لئے کالج کے سابق طلبا کی خدمات کی تعریف کی۔

اجلاس کے دوران بورڈ آف گورنرز ممبران نے کالج کی موجودہ انتظامیہ اور فیکلٹی ممبران کی مخلصانہ کوششوں کی تعریف کی اور کالج کی سابقہ اعلی تعلیمی روایات کو برقرار رکھنے اور کارکردگی کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔ قبل ازیں گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے لارنس کالج گھوڑا گلی مری کے مختلف حصوں کو دورہ کیا اور طلبا کے لئے دستیاب تعلیمی سہولیات کا جائزہ لیا ۔

انہوں نے اساتذہ اور طلبا سے بھی بات چیت کی اور ان کے مسائل معلوم کئے۔پرنسپل لارنس کالج گھوڑا گلی مری بریگیڈیئر (ر) مجاہد عالم نے بریفنگ کے دوران لارنس کالج گھوڑا گلی مری میں تعلیمی اصلاحات اور بہتر نتائج کے حصول کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ اساتذہ کی استعداد کار بہتر بنانے کے لئے ٹیچرز ٹریننگ پروگرام شروع کئے گئے ہیں اور ہر شعبے کی کارکردگی میں نمایاں اضافہ کیلئے مانیٹرنگ اینڈ ایلویشن کا نظام وضع کیا گیا ہے۔