برطانوی اراکین پارلیمنٹ بھی شہبازشریف کی کارکردگی کے معترف

وزیراعلیٰ پنجاب کے مختلف شعبوں میں نتائج کے حصول کیلئے عملی اقدامات قابل تحسین ہیں، بہترین خدمات کی فراہمی کیلئے وزیراعلیٰ کے اقدامات کو برطا نیہ میں بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے،اراکین برطانوی پارلیمنٹ

جمعرات 30 جولائی 2015 21:37

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء ) برطانیہ کی پارلیمنٹ کے اراکین ہنہ بارڈل، تسمینہ احمد شیخ، رحمن چشتی، کیتھرین ویسٹ اور یاسمین قریشی نے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ شہباز شریف کی جانب سے پنجاب میں تعلیم، صحت اور سکل ڈویلپمنٹ کے فروغ کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے صوبے میں حقیقی معنوں میں عملی کام کئے ہیں جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔

(جاری ہے)

بلاشبہ مختلف شعبوں میں نتائج کے حصول کے حوالے سے وزیراعلیٰ شہباز شریف کے اقدامات قابل تحسین ہیں اور بہترین خدمات کی فراہمی کیلئے وزیراعلیٰ کے ان اقدامات کو برطانیہ میں بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ برطانوی اراکین پارلیمنٹ نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف پنجاب میں حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور تعلیم، صحت اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں نہ صرف عملی اقدامات کئے گئے ہیں بلکہ نظر بھی آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹس ، دانش سکولز، انفراسٹرکچر، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں وزیراعلیٰ نے جو سنگ میل حاصل کئے ہیں وہ ستائش کے لائق ہیں۔