انسداد ڈینگی کے حوالے سے غفلت یا کوتاہی برتنے والے انتظامی افسر کو عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں،پنجاب بھر میں ڈینگی کے تدارک کیلئے پیشگی حفاظی انتظامات کیے جائیں،جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر کے انسداد ڈینگی کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں ،وضع کردہ پلان پرپوری طرح عملدر آمد کیا جائے ،وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا انسداد ڈینگی اجلاس سے خطاب

جس ٹائر کی دکان سے لاروا ملے اس کے مالک کے خلاف مقدمہ در ج کر کے گرفتار کیا جائے ،وزیراعلیٰ کی ہدایت

جمعرات 30 جولائی 2015 21:36

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ہدایت کی ہے کہ ڈینگی کے مرض سے نمٹنے کیلئے تمام متعلقہ محکمے اورادارے چوکس رہیں۔لاہورسمیت پنجاب بھر میں ڈینگی کے تدارک کیلئے پیشگی حفاظتی انتظامات کیے جائیں۔انسداد ڈینگی کے حوالے سے گذشتہ برس کے وضع کردہ پلان پر موثر عملدر آمد ہونا چاہیے۔متعلقہ وفاقی و صوبائی ادارے اجتماعی کاوشیں بروئے کار لاتے ہوئے اقدامات اٹھائیں۔

وہ جمعرات کو سول سیکرٹریٹ اورمختلف اضلاع میں اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔اجلاس میں صوبے میں ڈینگی کی صورتحال اورحفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کے تدارک میں غفلت یا کوتاہی برتنے والے انتظامی افسر کو عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔

(جاری ہے)

غفلت کے ذمہ دار افسروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

متعلقہ ادارے اورضلعی انتظامیہ ڈینگی سے نمٹنے کیلئے متحرک اور فعال کردارادا کریں۔ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس پر بھر پور توجہ دی جائے اورکھڑے پانی کا فوری نکاس یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کابینہ کمیٹی برائے انسدادڈینگی مربوط انداز میں کام کرے۔ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرکے انسدادڈینگی کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں ۔

سالانہ امتحانات میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے سوالات ہر صورت شامل ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ انسدادڈینگی کے حوالے سے ادارہ جاتی میکانزم انتہائی ضروری ہے ۔ادارہ جاتی میکانزم کو جلد سے جلد فعال بنایا جائے۔ٹائر وں کی دکانوں،قبرستانوں،زیر تعمیر عمارتوں اور کباڑخانوں کی باقاعدہ چیکنگ جاری رکھی جائے اورپرانے اور خراب ٹائروں کو مناسب طریقے سے تلف کیا جائے ،جس ٹائرکی دکان سے لاروا ملے اس کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتار کیاجائے ۔

تحصیل ایمرجنسی رسپانس کمیٹیوں کو فعال بنایا جائے ۔ہوٹلوں اورریستورانوں کی چیکنگ کی جائے اورعوام کی آگاہی کے لئے بھر پور مہم چلائی جائے۔ صوبائی وزراء کرنل(ر) شجاع خانزادہ،فرخ جاوید ،عائشہ غوث پاشا،مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق،چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل،اراکین اسمبلی،متعلقہ سیکرٹریز،طبی ماہرین اورانتظامی افسران نے سول سیکرٹریٹ لاہور اوراپنے اپنے متعلقہ اضلاع سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔