کوہاٹ،سخت سیکورٹی انتظامات میں حساس نوعیت کے پانچ پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ انتخابات کا پر امن انعقاد

جمعرات 30 جولائی 2015 21:23

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء )کوہاٹ میں حساس نوعیت کے پانچ پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ انتخابات کا پر امن انعقاد یقینی بنا دیا گیا ہے۔انتخابی عمل کو صاف و شفاف بنانے کیلئے سیکیورٹی امور میں پولیس اور فوج نے بھر پور خدمات انجام دئیے۔اس سلسلے میں ڈی پی او کوہاٹ محمد صہیب اشرف نے مختلف پولنگ سٹیشنوں کے دورے کرکے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیااور سیکیورٹی اہلکاروں کو پرامن ،شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات یقینی بنانے کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کیں۔

30جولائی کو صوبہ بھر کی طرح کوہاٹ میں بھی حساس اور متناذعہ پانچ پولنگ سٹیشنوں یونین کونسل خرماتو کے ڈھیری بانڈہ،تحصیل لاچی کے یونین کونسل درملک کے حسن بانڈہ،اور شکر درہ رورل کے تین پولنگ سٹیشنوں جانک،رحمان آباد اور ٹوپی کلے کے پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ انتخابات کے پولنگ کا عمل صبح سات بجے سے شام چھ بجے تک بغیر کسی وقفہ کے جاری رہا۔

(جاری ہے)

اس دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کو مکمل طور پر صاف و شفاف بنانے کیلئے بلدیاتی ری پولنگ کے سلسلے میں پولیس کیساتھ پاک فوج کے جوانوں کی خدمات بھی حاصل کی گئی تھیں۔ڈی پی او محمد صہیب اشرف کے مطابق امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے ضابطہ فوجداری کی دفعہ144کے تحت اسلحہ کی نمائش اور تمام پولنگ سٹیشنوں پر انتخابی عمل کے دوران موبائل فون لے جانے پر پابندی عائد رہی ۔

تمام پولنگ سٹیشنوں کی بم ڈسپوزل سکواڈ کے ذریعے سویپنگ کا عمل مکمل کرنے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری کے علاوہ لیڈی پولیس کانسٹیبل ،سپیشل برانچ ، ڈسٹرکٹ سیکیورٹی برانچ اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں کو سیکیورٹی کے فرائض تفویض کئے گئے تھے جبکہ ایلیٹ فورس کی کوئیک رسپانس سکواڈ کوپولنگ سٹیشنوں کی علاقائی حدود میں گشت پر مامور کیا گیا تھا۔