کوہاٹ ،ڈھیری بانڈہ پولنگ سٹیشن کے قریب سے 2 خواتین مبینہ جعلی بیلٹ پیپرزسمیت گرفتار

جمعرات 30 جولائی 2015 21:23

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء )کوہاٹ ڈھیری بانڈہ میں پولنگ سٹیشن کے قریب سے دو خواتین کو مبینہ جعلی بیلٹ پیپرزسمیت حراست میں لے لیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق کوہاٹ کی یونین کونسل خرماتو کے موضع ڈھیری بانڈہ گورنمنٹ مڈل سکول میں قائم زنانہ پولنگ سٹیشن پر30جولائی کو دوبارہ انتخابات کے سلسلے میں پولنگ کا عمل جاری تھا کہ اس دوران پولنگ سٹیشن کے احاطے سے باہر سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور لیڈی پولیس کانسٹیبل نے تلاشی کے عمل کے دوران ڈھیری بانڈہ کی دو مقامی خواتین کے قبضے سے مجموعی طور پر دس بیلٹ پیپرز برآمد کرکے انہیں گرفتار کر لیا۔

ڈی ایس پی صدر سونا خان کے مطابق ان خواتین کو پولنگ سٹیشن کے احاطے سے باہر حراست میں لیا گیاجن کے قبضے سے ووٹوں کی جعلی پرچیاں ملی ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈی ایس پی نے مزید بتایا کہ خواتین کے قبضے سے ملنے والے بیلٹ پیپرز ووٹ کاسٹ کرنے کے طریقہ کار کی رہنمائی پر مبنی ہے جووہ اپنے گھروں سے لائی تھیں جس کا گرفتار خواتین نے دوران پوچھ گچھ اپنے بیانات میں بھی انکشاف کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے بیلٹ پیپرزکے نمونے کی پرچیاں وہ اپنے گھر وں سے اٹھا کر لائی ہیں۔ پولیس نے خواتین سے ملنے والے بیلٹ پیپرزسے متعلق تحقیقات شروع کر دی تاہم متعلقہ ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کے بعد خواتین کو رہا کر دیا گیاہے۔