Live Updates

تحریک انصاف کے ارکان کو ڈی سیٹ کرنے سے متعلق ایم کیو ایم اور جمعیت علماء اسلام (ف) کا تحاریک واپس لینے سے انکار

کابینہ کی 4 رکنی کمیٹی نے دونوں جماعتوں کی قیادت سے ملاقاتو ں میں بات چیت بارے وزیر اعظم کو آگاہ کر دیا ، مولانا فضل الرحمن کی (کل) وزیر اعظم سے ملاقات متوقع

جمعرات 30 جولائی 2015 21:11

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء) تحریک انصاف کے ارکان کو ڈی سیٹ کرنے سے متعلق ایم کیو ایم اور جمعیت علماء اسلام (ف) نے تحاریک واپس لینے سے انکار کر دیا ہے اور کابینہ کی 4 رکنی کمیٹی نے دونوں جماعتوں کی قیادت سے ہونے والی ملاقاتو ں کے حوالے سے وزیر اعظم نوا زشریف کو آگاہ کر دیا ہے جبکہ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی (کل) جمعہ کو وزیر اعظم سے ملاقات متوقع ہے۔

4 رکنی کابینہ کمیٹی کے 2 ارکان وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید اور و زیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ایم کیو ایم کے رہنماؤں رشید گوڈیل اور خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی اور ان سے درخواست کی کہ وہ اپنی تحریک واپس لیں اور انہیں وزیر اعظم کا پیغام بھی پہنچایا۔ ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے کہاکہ یہ تحریک آئین و قانون کے مطابق جمع کروائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف نے آئین کی خلاف ورزی کی اور ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی اجازت کے بغیر تحریک واپس نہیں لے سکتے۔ آپ سے ہونے والی بات چیت سے متعلق لندن میں آگاہ کیا جائیگا اور قائد تحریک کی طرف سے جو ہدایا ت ملیں گی اس سے آپ کو آگاہ کر دیا جائیگا جبکہ گزشتہ روز پرویز رشید اور عرفان صدیقی نے مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی تھی اور مولانا فضل الرحمن نے بھی تحریک واپس لینے سے انکار کر دیا تھا او رانہوں نے گزشتہ رات اپنی پارٹی سے بھی مشاورت کی اور پارٹی نے اس معاملہ پر حتمی فیصلے کا اختیار دیا ہے ۔

ذرائع کا کہناہے کہ مولانا فضل الرحمن کی (کل) وزیر اعظم سے ملاقات ہونا تھی تاہم وزیر اعظم کے دورہ سکردو کے باعث یہ ملاقات نہیں ہو سکی اور اب یہ ملاقات (کل) جمعہ کو متوقع ہے

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات