سیلاب متاثرہ علاقوں کے پانی میں گھرے1لاکھ 23ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکاہے،پی ڈی ایم اے پنجاب

متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ ،ریلیف کیمپوں اور پانی میں گھرے لوگوں کو تینوں وقت کا کھانا مہیا کر رہی ہے،ترجمان

جمعرات 30 جولائی 2015 20:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء) پی ڈی ایم اے پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں اب تک کشتیوں کے ذریعے پانی میں گھرے1لاکھ 23ہزار 272لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکاہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں قائم ریلیف کیمپوں میں 10770لوگمقیم ہیں- انتظامیہ ،ریلیف کیمپوں اور پانی میں گھرے لوگوں کو تینوں وقت کا کھانا مہیا کر رہی ہے -انہوں نے کہاکہ سیلاب متاثرین کی بحالی تک پی ڈی ایم اے پنجاب ان کی مدد جاری رکھے گی۔

(جاری ہے)

ڈی سی او راجن پور ظہور حسین نے کہا ہے کہ رودکوہی پہاڑی نالے کاہا اور چھاچھر کے پانی سے محفوظ رہنے کیلئے مقامی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیاہے -پل پٹھان کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں شدت آ رہی ہے -اے ڈی سی، ڈیرہ غازیخان محبوب احمدنے بتایا ہے کہ تحصیل ڈی جی خان کے سپر گجانی بند میں شگاف سے بیٹ کے علاقہ میں 50ایکٹر فصل متاثر ہوئی ہے تاہم آبادی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے-ڈی سی او رحیم یار خان ظفر اقبال نے کہا ہے کہ رحیم یار خان کے پانی میں گھرے لوگوں کو 59کشتیوں کے ذریعے شہر سے رابطہ کی سہولت فراہم کی جار ہی ہے، سیلابی پانی سے 7ہزارسے زائدافراد متاثر ہوئے ہیں-انہوں نے بتایا کہ وزیر آبپاشی میاں یاور زمان،کمشنر ڈیرہ غازیخان ثاقب عزیز ،ممبر صوبائی اسمبلی عاطف خان مزاری ،سیکرٹری زکوة حبیب الرحمن گیلانی نے امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا ہے جبکہ ریسکیو ٹیمیں ،آرمی اور دیگر ادارے بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں-ترجمان ضلعی انتظامیہ لیہ نے کہا کہ دریائے سندھ میں لیہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ5لاکھ کیوسک ہے -کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہر قسم کی تیار ی مکمل ہے -لیہ میں 7اور کہروڑ میں 3ریلیف کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں -دریں اثناء ڈی پی او راجن پور زاہد محمود گوندل نے کہا ہے کہ پل پٹھان قطب کینال پر لوگوں کے ہجوم کی وجہ سے کناروں کو نقصان پہنچ سکتا تھا-کناروں کو نقصان پہنچنے کے خدشے کی وجہ سے ہجوم کو دور ہٹایا گیا -امن و امان کی صورتحال کنٹرول میں ہے ۔

متعلقہ عنوان :