فاٹا میں صنعتی ومعاشی ترقی کے منصوبوں کیلئے وافر مقدار میں فنڈز رکھے گئے ہیں،گورنر کے پی کے

منصوبوں کی بروقت تکمیل سے فاٹا میں ترقی آئے گی، فنی وتکنیکی شعبوں میں تربیت یافتہ افراد کونہ صرف روزگارملے گا بلکہ عسکریت پسندی کے رجحان کا بھی خاتمہ ہوگا،سردار مہتاب احمد گو رنر کی فاٹا میں ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز ور مقررہ وقت میں منصوبوں کی تکمیل یقینی بنانے کی بھی ہدایت

جمعرات 30 جولائی 2015 20:39

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء) گورنرخیبرپختونخواسردار مہتاب احمدخان نے کہاہے کہ فاٹا میں صنعتی ومعاشی ترقی کے منصوبوں کیلئے وافر مقدار میں فنڈز رکھے گئے ہیں ان منصوبوں کی بروقت تکمیل سے فاٹا میں ترقی آئے گی اور قبائلی عوام کی زندگی میں بھی بہتری آئیگی۔ انہوں نے کہاکہ مختلف فنی وتکنیکی شعبوں میں تربیت یافتہ افراد کونہ صرف روزگارملے گا بلکہ عسکریت پسندی کے رجحان کا بھی خاتمہ ہوگا۔

گورنرنے فاٹا ترقیاتی ادارے کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ وقت کے تقاضوں کے مطابق فاٹا کے عوام کو ترقی کے قومی دھارے میں لانے کیلئے فاٹا میں ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کریں اور مقررہ وقت کے اندر منصوبوں کی تکمیل یقینی بناتے ہوئے معیاری کام کریں۔ وہ جمعرات کے روز گورنرہاؤس پشاور میں فاٹا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام کی جانب سے دی جانیوالی پریزنٹیشن کے موقع پراظہارخیال کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنر کو ایف ڈی اے کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں گورنرکوبتایاگیا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران 16264 قبائلیوں کو پیشہ ورانہ شعبوں میں فنی تربیت دی گئی ہے جن میں 10300 نوجوان، 1875 خواتین شامل ہیں۔ اسی طرح آن جاب تربیت کے 344 جوان اور انٹرپرینیورشپ پروگرام کے تحت 2030 قبائلی شامل ہیں۔ ان افراد کو ملک کے 44 معیاری فنی تعلیمی اداروں میں تربیت دی گئی ہے جبکہ آئی ڈی پیز کیلئے کیمپوں میں بھی 8 تربیتی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔

گورنر کو بتایاگیا کہ ایف آر ٹانک میں شین کچ اورمہمند ایجنسی میں موٹو شاہ سمال ڈیمز مکمل کئے جاچکے ہیں۔ شمالی وزیرستان کنڈ اور باجوڑ ایجنسی میں راغگان سمال ڈیم مکمل ہونے والے ہیں۔ ان کے علاوہ مزید چارڈیموں پرکام جاری ہے جبکہ مزید دس ڈیموں پر کام کے آغاز کیلئے تیاری کی جارہی ہے۔ گورنر کو بتایاگیاکہ مہمند ماربل سٹی کے فیز ون میں تمام ترقیاتی کام اس سال مکمل ہوں گے جبکہ فیزII پر بھی کام شروع کردیاگیاہے اور عنقریب یہ بھی مکمل کیاجائیگا۔

گورنرکو معدنیات کے شعبے میں ہونے والی ترقی سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن کا کردار ادا کرنے والے فاٹا کے عوام کو قومی ترقی کے عمل میں بھی فرنٹ لائن کا کردار دیاجاناچاہئیے اور اس مقصد کیلئے فاٹا میں ترقیاتی منصوبوں کو تیز تر انداز میں آگے بڑھا یاجاناچاہئیے۔ گورنرنے کہاکہ فاٹا قدرتی وسائل سے مالا مال ہیں نہ صرف دیگرقدرتی معدنیات بلکہ گیس وتیل کے وسائل سے بھی یہ علاقے مالا مال ہیں۔

صنعتی وکاروباری سرگرمیوں کادوبارہ اجراء کیاگیاہے۔ انہوں نے کہاکہ انفراسٹرکچر کی بہتری سمیت تمام شعبوں بالخصوص معاشی ومعاشرتی شعبوں میں ترقی لا کرقبائلی عوام کو حکومتی اقدامات سے زیادہ سے زیادہ مستفید کرناہے۔ گورنرنے ہدایت کی کہ جاری سکیموں کو جلد ازجلد مکمل کیاجائے اور اس میں مزید تاخیر نہ لائی جائے۔ انہوں کہاکہ نئے منصوبوں کو تب شروع کیاجائے جب جاری کام مکمل ہوں۔

انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو پولیٹیکل انتظامیہ کی مشاورت سے حل کرنے پرزوردیا۔ گورنرنے کہاکہ 31 دسمبر تک جاری منصوبے ہر حال میں مکمل کئے جائیں تاکہ مزید منصوبوں پرکام کا آغاز کیاجاسکے۔ گورنرنے یہ بھی ہدایت کی کہ نئے صنعتی زونز موجودہ زونز کے قریب بنائے جائیں اور موجودہ صنعتی بستیوں کو ان سے مربوط کیاجائے۔ گورنرنے کہاکہ فاٹا میں صنعتی ومعاشی ترقی کے منصوبوں کے لئے وافر مقدار میں فنڈز رکھے گئے ہیں جن کا استعمال شفاف طریقے سے کیاجاناچاہئیے۔ انہوں نے کہاکہ ان منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیاجائیگا چونکہ قوم کا ایک ایک پیسہ قومی امانت ہے اور اس کا استعمال شفاف طریقے سے کیاجاناچاہئیے۔

متعلقہ عنوان :