رواں مالی سال کیلئے محصولات کی وصولی کا ہدف پورا کرنے کیلئے ضروری ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو تاجر برادری کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دے،لاہور چیمبر

جمعرات 30 جولائی 2015 20:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی پورٹل پر آن لائن سروسز کو پوری طرح فعال کرے ،لاہور چیمبر کے متعدد ممبران نے شکایات کی ہیں کہ انہیں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ویب سائٹ پر آن لائن سروسز کے حصول میں بہت دشواریوں کا سامنا ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ لاہور چیمبر کے بہت سے ممبران کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی پورٹل پر ان کی درخواستیں پراسیس نہیں ہورہیں جن کی وجہ سے انہیں شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ کافی دیر سے چلا آرہا ہے لیکن حیرت انگیز طور پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے متعلق حکام نے اس مسئلے کے حل پر کوئی توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے لیے محصولات کی وصولی کا ہدف پورا کرنے کے لیے ضروری ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو تاجر برادری کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دے۔ اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی بدولت تاجروں کا قیمتی وقت اور سرمایہ بچتا ہے لہذا فیڈرل بورڈ آف ریونیو فوری طور پر اپنی پورٹل کو پوری طرح فعال کرے، جب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوتا تب فیڈرل بورڈ آف ریونیو مینول پراسیسنگ کی اجازت دے۔

متعلقہ عنوان :