دفاعی پیداوار بارے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کا خواجہ سہیل منصور کی زیر صدارت اجلاس

جمعرات 30 جولائی 2015 20:24

اسلام آباد ۔ 30 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء) دفاعی پیداوار بارے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں رکن قومی اسمبلی خواجہ سہیل منصور کی زیر صدارت ہوا جس میں وزارت دفاعی پیداوار کے متعلقہ اداروں پی او ایف واہ اور ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کی طرف سے تیار کئے جانے والے سیکورٹی آلات، بکتر بند گاڑیوں کی خریداری کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر اور ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کے چیئرمین نے کمیٹی کو بکتر بند گاڑیوں اور حلقے اسلحہ و ایمونیشن کی خریداری کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا اور پی او ایف واہ کا بنیادی کام فیکٹریز کی اضافی کپیسٹی کو استعمال میں لانا ہے تاکہ سول شعبہ اور دوست ممالک کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا نے دفاعی اور سیکورٹی اداروں کو مستحکم بنانے کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے اور ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا نے ٹینکوں، آرمرڈ ریکوری وہیکلز اور بکتر بند گاڑیوں کی تمام ضروریات پوری کیں۔

انہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی حکومتیں اپنے سیکورٹی آلات کی خریداری کے ذریعے ملکی دفاعی صنعتوں کی معاونت کر رہی ہیں۔ کمیٹی نے وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین کی جانب سے وزارت اور اس کے متعلقہ محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کے حوالے سے کوششوں کی تعریف کی۔ چیف سیکرٹری سندھ اور انسپکٹر جنرل پولیس سندھ نے کمیٹی کو سیکورٹی آلات کی خریداری کے حوالے سے تعاون کا یقین دلایا۔ کمیٹی نے چیف سیکرٹری سندھ اور آئی جی سندھ کی موجودگی کی تعریف کی۔

متعلقہ عنوان :