ریکوری ٹارگیٹ پورا نہ کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے،ایڈمنسٹریٹر کراچی

جمعرات 30 جولائی 2015 19:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی شعیب احمد صدیقی نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ریکوری میں کمی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ریکوری ٹارگیٹ پورا نہ کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ریکوری افسران اپنے محکموں کے کاموں پر بھر پور توجہ دیں اور ریکوری کا ہدف پورا کریں دریں اثناء ایڈمنسٹریٹر کراچی کی ہدایت پر میٹروپولیٹن کمشنر سمیع الدین صدیقی نے ریکوری افسران کا ہنگامی اجلاس طلب کیا اور بعض سربراہان کی جانب سے بہتر کارکردگی نہ دکھانے پر انہیں ان کے عہدوں سے ہٹانے اور وضاحتی خطوط جاری کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریکوری سے متعلق افسران بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ریونیو کو بہتر بنانے کے لئے ٹھوس حکمت عملی اپنائیں اور ان تمام تر اقدامات کو بروئے کار لائیں جن کے باعث بلدیہ عظمیٰ کراچی کو مالی استحکام حاصل ہو ، ریکوری کی موجودہ صورتحال کو کسی بھی طور تسلی بخش قرار نہیں دیاجاسکتا لہٰذا متعلقہ افسران اس جانب خصوصی طور پر توجہ دیں جو افسران ریکوری کی مد میں اپنی کارکردگی کو بہتر نہیں کریں گے انہیں ان کے عہدوں سے ہٹا دیا جائے گا، اجلاس میں مشیر مالیات نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف محکموں کی ریکوری کی تفصیلات سے آگاہ کیا جبکہ متعلقہ افسران نے ریکوری کے حوالے سے آگاہ کیا ، میٹروپولیٹن کمشنر سمیع الدین صدیقی نے ریکوری ٹارگیٹ پورا نہ کرنے والے افسران کو وضاحتی لیٹرز جاری کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے تحفظات کا بھی اظہار کیا انہوں نے کہا کہ ریکوری سے متعلق افسران کو اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ وہ ایسے موثر اقدامات کریں جس کے باعث ریکوری کی صورتحال بہتر ہو جبکہ اپنے ماتحت عملے کو بھی پابند کریں کہ وہ محنت سے کام کرتے ہوئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ریکوری میں اضافے کے لئے کام کریں انہوں نے کہا کہ واجبات کی مکمل اور تیزی سے وصولی بلدیہ عظمیٰ کراچی کو مستحکم بناسکے گی کوئی بھی ادارہ اپنے مالی استحکام کے باعث ہی اس قابل ہوسکتا ہے کہ وہ شہریوں کو تمام تر ضروری سہولیات فراہم کرسکے لہٰذا کوئی افسر اور متعلقہ عملہ کوتاہی نہ برتے، انہوں نے کہا کہ ہمیں مجموعی طور پر ایک ٹیم کی حیثیت سے کام کرنا چاہئے اور اس بات کی کوشش کی جائے کہ بجٹ میں دیئے گئے اہداف کو پورا کیا جائے انہوں نے محکمہ ویٹرینری کی خراب کارکردگی کے باعث مشیر قانون سے مشاورت کے بعد ٹھیکیدار کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنی زمینی حدود پر پارکنگ فیس لینے کی مجاز ہے لہٰذا کوئی ادارہ کے ایم سی کی زمین پر پارکنگ فیس وصول نہ کرے، انہوں نے ٹرک اسٹینڈ ماڑی پور پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کی پارکنگ سائٹ کی نیلامی کی بھی ہدایت کی جبکہ سینئر ڈائریکٹر لینڈ اینٹی انکروچمنٹ سے کہا کہ ان کے محکمے میں موجود اضافی عملے کو محکمہ ہیومن ریسورس مینجمنٹ میں بھیج دیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :