بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہر کے چوراہوں پر خراب ہونے والے سگنلز کو ہنگامی بنیادوں پر درست کرکے تمام سگنلز کو بحال کردیا

جمعرات 30 جولائی 2015 19:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی شعیب احمد صدیقی کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی نے حالیہ بارشوں کے دوران شہر کے چوراہوں پر خراب ہونے والے سگنلز کو ہنگامی بنیادوں پر درست کرکے تمام سگنلز کو بحال کردیا ہے اب شہر میں کوئی بھی ٹریفک سگنل میں ٹیکنیکل خرابی باقی نہیں رہی، ایڈمنسٹریٹر کراچی شعیب احمد صدیقی نے ٹریفک سگنل کے خراب ہونے کی اطلاع کا سخت نوٹس لیا تھا اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہدایت کی تھی کہ خراب ٹریفک سگنلز کو فوری طور پر بحال کردیا جائے ایڈمنسٹریٹر کراچی کی ہدایت پر محکمہ ٹرانسپورٹ نے شب روز کام کرکے تمام خراب سگنلز کی مرمت کر کے ان کو بحال کردیا ہے، محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن کے ٹریفک کنٹرول اینڈ آپریشنل سگنل یونٹ نے ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے ٹریفک سگنلز کا سروے کرکے ایم اے جناح روڈ، صدر، ٹیپو سلطان روڈ، شہید ملت روڈ، شارع فیصل، چوہدری خلق الزماں روڈ، گلشن اقبال، بوٹ بیسن سمیت متعدد مقامات پر ٹریفک سگنلز کی مرمت کرکے ان کے نقائص دور کردیئے، یہ سگنلز شہید ملت اور سراج الدولہ روڈ کے سنگم، شہید ملت روڈ اور ٹیپو سلطان روڈ کے سنگم، ایم اے جناح روڈ اور مینسفیلڈ اسٹریٹ ( کیپری سینما ) کے سنگم، عبداﷲ ہارون روڈ اور شاہراہ عراق کے سنگم، شارع فیصل اور فاطمہ جناح روڈ ( آواری ٹاور) کے سنگم، چوہدری خلیق الزماں روڈ اور چارٹرڈ اکاؤنٹ ایونیو (ریس کورس) کے سنگم، خیابان جامی اور خیابان سعدی ( بوٹ بیسن) کے سنگم اور علامہ شبیر احمد عثمانی روڈ اور اولمپئن اصلاح الدین روڈ ( ڈسکو بیکری گلشن اقبال ) کے سنگم پر واقع ہیں جہاں کیبل اور کارڈ فالٹس اور سرکٹ بریکر میں خرابی کی وجہ مسائل کا سامنا تھا تاہم ان خرابیوں کو دور کردیا گیا ہے واضح رہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن کا ٹریفک کنٹرول اینڈآپریشنل سنگل یونٹ رین ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد سے ہنگامی بنیادوں پر ٹریفک سگنلز کی مرمت و ٹریفک روانی برقرار رکھنے کے لئے کام کررہا ہے اور یہاں ایسے انتظامات کے گئے ہیں کہ جہاں بھی ٹریفک سگنل میں خرابی ہواسے فوری طور پر کام کرکے دور کردیا جائے۔

متعلقہ عنوان :