کوہاٹ ،6ڈیموں کے ماہی پروری کے حقوق برائے سالوں 2015-18 کیلئے کھلی بولی کے ذریعے1کروڑ 36لاکھ 78ہزار روپے میں نیلام کئے

جمعرات 30 جولائی 2015 19:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء) محکمہ ماہی پروری حکومت خیبر پختونخوا نے کوہاٹ کے6ڈیموں تاندہ ، گنڈیالی ، کنڈر، ایگزیلری کنڈر،چندہ فتح خان اور دروازئی کے ماہی پروری کے حقوق برائے سالوں 2015-18 کے لئے کھلی بولی کے ذریعے1کروڑ 36لاکھ 78ہزار روپے میں نیلام کئے جبکہ پچھلے سالوں یہ حقوق 80لاکھ 17ہزار5سو روپے میں نیلام ہوئے تھے۔

یہ اضافہ گزشتہ کے مقابلے میں 40 فیصد سے بھی زیادہ ہے ۔محکمے کے آمدن میں یہ اضافہ محکمہ ماہی پروری کی بہتر کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے اور اسکا تما م تر کریڈٹ موجودہ صوبائی حکومت کو جاتا ہے ۔تفصیلات کے مطابق تاندہ ڈیم کے حقوق ماہی پروری 62لاکھ روپے،گنڈیالی ڈیم 21لاکھ25ہزار روپے، کنڈر ڈیم11لاکھ 65ہزار روپے،ایگزیلری کنڈر ڈیم13 لاکھ 5ہزار روپے، دروازئی ڈیم21 لاکھ 50ہزار روپے اور چندہ فتح خان ڈیم 7لاکھ 33ہزار روپے میں نیلام ہوئے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ صوبائی حکومت ہر تین سال بعد مذکورہ ڈیموں کے حقوق ماہی پروری کھلی بولی کے ذریعے نیلام کرتی ہے۔امسال بھی یہ حقوق نیلام عام کے ذریعے ٹھیکے پر دئیے گئے۔نیلامی کے عمل کو شفاف تر بنانے کے لئے حکومت خیبر پختونخوا نے ڈپٹی ڈائریکٹر ماہی پروری پشاور ارشد عزیز کی سربراہی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماہی پروری کوہاٹ ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماہی پروری بنوں ،نمائندہ ضلعی حکومت کوہاٹ، نمائندہ سیکرٹری زراعت آفس پشاور اور سپرنٹنڈنٹ پی اینڈ ڈی ہیڈ کوارٹر آفس ماہی پروری پشاور پرمشتمل نیلامی کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے میڈیا کے نمائندوں ، مقامی و غیر مقامی افراد،غیر سرکاری تنظیم کے اہلکاروں اور سیاسی مبصرین کی موجودگی میں مذکورہ 6ڈیموں کے حقوق ماہی پروری کامیاب بولی دہندگان کو دئیے۔

چیئرمین نیلامی کمیٹی ارشد عزیز نے تمام کامیاب بولی دہندگان کو مبارکباد دی اور کامیاب نیلامی کے انعقاد کے لئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماہی پروری کوہاٹ طاہر جمیل اور اس کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ اچھی اشتہاری مہم کے بدولت ٹھیکہ مچھلی میں بہترین مقابلے کی فضا ء قائم کی اور صاف شفاف نیلام کے ذریعے حکومتی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ کو ممکن بنایا۔