وزیراعلیٰ پنجاب سے برطا نوی اراکین پارلیمنٹ کے وفدکی ملاقات، سکل ڈویلپمنٹ و ہائیر ایجوکیشن میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

برٹش کونسل کے کنٹری ڈائریکٹر کی تعاون کی یقین دہانی ، رکن پارلیمنٹ سکاٹ لینڈ کی سکل ڈویلپمنٹ میں پنجاب حکومت کو تعاون کی پیشکش پنجاب میں میرٹ، شفافیت و اعلیٰ معیار کو فروغ دے کر کرپشن، سفارش و اقربا پروری کا خاتمہ کیاہے،دہشتگردی کیخلاف پاکستانی قوم یکسو ہے ، لازوال قربانیاں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کے بھرپور عزم کی عکاس ہیں، نوجوانو ں کو بااختیار بنانے کیلئے انقلابی اقدام کر رہے ہیں 20 لاکھ نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، شہباز شریف کی برطا نوی اراکین پارلیمنٹ کے وفدسے ملاقات میں گفتگو

جمعرات 30 جولائی 2015 19:11

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے وزیراعلیٰ پنجاب اور برطا نوی اراکین پارلیمنٹ کے وفدکے درمیان ملاقات میں سکل ڈویلپمنٹ و ہائیر ایجوکیشن میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاگیاہے جبکہ برٹش کونسل کے کنٹری ڈائریکٹر نے تعاون کی یقین دہانی اور رکن پارلیمنٹ سکاٹ لینڈ کی سکل ڈویلپمنٹ میں پنجاب حکومت کو تعاون کی پیشکش کی ہے ۔

اس موقع پرشہباز شریف نے کہاکہ پنجاب میں میرٹ، شفافیت و اعلیٰ معیار کو فروغ دے کر کرپشن، سفارش و اقربا پروری کا خاتمہ کیاہے،دہشتگردی کیخلاف پاکستانی قوم یکسو ہے ، لازوال قربانیاں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کے بھرپور عزم کی عکاس ہیں، نوجوانو ں کو بااختیار بنانے کیلئے انقلابی اقدام کر رہے ہیں، 20 لاکھ نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جمعرا ت کو یہاں برطا نیہ کی پارلیمنٹ کے 5 رکنی وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاکستان و برطانیہ کے درمیان تعلقات کے فروغ، تعلیم، صحت خصوصاً سکل ڈویلپمنٹ کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا اور سکل ڈویلپمنٹ و ہائیر ایجوکیشن کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے برطانوی پارلیمنٹ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان بہترین تعلقات موجود ہیں اور برطانیہ پاکستان کا اہم تجارتی پارٹنر ہے۔

پنجاب میں برطانیہ کے تعاون سے تعلیم، صحت اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں شروع کئے گئے پروگرام کامیابی سے چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانو ں کو بااختیار بنانے کیلئے پنجاب حکومت انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔ سکولوں میں انرولمنٹ کے ساتھ کوالٹی ایجوکیشن کے فروغ کیلئے اساتذہ کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، اس ضمن میں 2017-18 تک کوالٹی ایجوکیشن کے حوالے سے مقررکردہ اہداف کا حصول یقینی بنایا جائے گا، اسی طرح ڈیفڈ کے تعاون سے صحت عامہ کی سہولتیں بہتر کرنے کیلئے پروگرام کے اچھے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

پنجاب سکل ڈویلپمنٹ کمپنی اور ڈیفڈ کے تعاون سے گزشتہ چند برس کے دوران صوبے کے ہزاروں نوجوانوں کو ہنرمند بنایا گیا ہے، تاہم اس ضمن میں ابھی مزید تیز رفتاری سے آگے بڑھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ معیاری ہنرمند افرادی قوت کی تیاری اور اساتذہ کی تربیت کیلئے تعاون بڑھانا وقت کا تقاضا ہے کیونکہ پنجاب میں آئندہ 3 برس کے دوران 20 لاکھ نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے کیونکہ نوجوانو ں کو بااختیار بناناپنجاب حکومت کا مشن ہے جسے ہر قیمت پر پورا کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گزشتہ 7 برس کے دوران میرٹ، شفافیت اور اعلیٰ معیار کو فروغ دیا گیا ہے۔ صوبے میں ایک لاکھ سے زائد اساتذہ کو میرٹ پر بھرتی کیا گیا ہے۔کرپشن، سفارش اور اقربا پروری کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں۔ تعلیم ، صحت اور سکل ڈویلپمنٹ کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ سکل ڈویلپمنٹ کے فروغ کیلئے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے دہشت گردی و انتہاپسندی کے خاتمے کے حوالے سے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے پوری پاکستانی قوم یکسو ہے۔ پنجاب حکومت نے انسداد دہشت گردی کیلئے قوانین میں ترامیم کرکے سزاؤں کو سخت کیا ہے۔ صوبے میں جدید تربیت یافتہ انسداد دہشت گردی فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی لازوال قربانیوں کی مثال پوری دنیا میں نہیں ملتی۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 50 ہزار سے زائد پاکستانی اپنی جانیں نچھاور کر چکے ہیں اور تاریخ میں ایسی عظیم قربانیوں کی نظیر نہیں ملتی اوریہ لازوال قربانیاں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کے بھرپور عزم کی عکاس ہیں۔ دہشت گردی اور انتہاپسندی کا خاتمہ پوری قوم کی آواز ہے۔پشاور میں بچوں کے ساتھ پیش آنے والے والے اندوہناک واقعہ کے بعد پوری قوم دہشت گردی کے خلا ف متحد ہو چکی ہے۔

پاک افواج نے آپریشن ضرب عضب میں دہشت گردوں پر کاری ضرب لگائی ہے۔نیشنل ایکشن پلان کے تحت انسداد دہشت گردی کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات بار آور ثابت ہو رہے ہیں اور اس حوالے سے صوبے میں قوانین میں ضروری ترامیم کرکے سزاؤں کو سخت کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی و انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے بندوق کی گولی کے ساتھ تعلیم، صحت اور روزگار کی گولیاں بھی ضروری ہیں، یہی وجہ ہے کہ حکومت تعلیم، صحت اور روزگار کی فراہمی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں قائم پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ سے ہزاروں مستحق و ذہین طلبا و طالبات کو اعلیٰ تدریسی اداروں میں داخل کرایا گیا ہے اور ان بچوں و بچیوں کے تعلیمی اخراجات پنجاب حکومت اس فنڈ سے ادا کر رہی ہے۔ پاکستان میں یہ اپنی نوعیت کا منفرد تعلیمی فنڈ ہے جس کا مجموعی حجم 15 ارب روپے سے تجاوز کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں جدید سہولتوں سے آراستہ دانش سکولز قائم کئے گئے ہیں جہاں سمارٹ بورڈز کے ذریعے انتہائی پسماندہ خاندانوں کے بچوں و بچیوں کو مفت تعلیم دی جاتی ہے اور یہ سکول انتہاپسندی کے رجحانات کے خاتمے میں ممدو معاون ثابت ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں تحمل، برداشت، رواداری اور بھائی چارے کے جذبات کے فروغ کیلئے ہر طبقے کو ہر مثبت کردار ادا کرنا ہے۔پاکستان میں آئین کے تحت ہر شہری کو یکساں حقوق حاصل ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں یونیورسٹیز میں اصلاحات کیلئے برٹش کونسل کی مہارت اور تجربے سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔برٹش کونسل یونیورسٹیز میں اصلاحات کیلئے جامع روڈ میپ وضع کرے تاکہ فی الفور اقدامات کئے جاسکیں۔

برٹش کونسل کے کنٹری ڈائریکٹر نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کو اس ضمن میں ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ سکاٹ لینڈ سے رکن پارلیمنٹ تسمینہ احمد شیخ نے سکل ڈویلپمنٹ کے شعبہ میں پنجاب حکومت کو معاونت کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ سکل ڈویلپمنٹ کے فروغ کے حوالے سے پنجاب حکومت کے ساتھ ہرممکن تعاون کریں گے۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے سکاٹ لینڈ کی رکن پارلیمنٹ کی جانب سے سکل ڈویلپمنٹ کے شعبہ میں تعاون کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں پنجاب حکومت فوری اقدامات اٹھائے گی اور پنجاب حکومت کا وفد جلد سکاٹ لینڈ جائے گا۔

برطانوی اراکین پارلیمنٹ نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف پنجاب میں حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔پنجاب میں تعلیم، صحت اور سکل ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں عملی اقدامات نظر آتے ہیں۔ میٹرو بس پراجیکٹس ، دانش سکولز، انفراسٹرکچر، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں وزیراعلیٰ کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والے برطانوی پارلیمنٹ کے اراکین میں ہنہ بارڈل ، تسمینہ احمد شیخ ، رحمن چشتی، کیتھرین ویسٹ اور یاسمین قریشی شامل تھیں جبکہ صوبائی وزراء بیگم ذکیہ شاہنواز، کرنل (ر) شجاع خانزادہ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، چیئرمین پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، ماہر تعلیم ڈاکٹر ظفر اقبال قریشی کے علاوہ برٹش کونسل کے کنٹری ڈائریکٹر پیٹر ا پٹن(Mr. Peter Upton) اور برٹش کونسل پنجاب کے ڈائریکٹر کیون میکلیون بھی اس موقع پر موجود تھے۔