امریکی حکومت کا قیدیوں کو جامعات میں سکالرشپ دینے کا اعلان

فیڈرل گرانٹ کے تحت قیدیوں کو اسکالرشپ تک رسائی دی جائیگی،امریکی وزارت قانون وانصاف

جمعرات 30 جولائی 2015 19:01

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء)امریکی حکومت نے جیلوں میں بند امریکی قیدیوں کے لیے تعلیم کے حصول کی ایک نئی سہولت مہیا کرنے کی منظوری دے دی جس کے تحت قیدی اپنے یونیورسٹی کورسز کو بہتر انداز میں آگے بڑھا سکیں گے،عرب ٹی وی کے مطابق امریکی وزارت قانون وانصاف کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ حکومت نے فیڈرل گرانٹ کے تحت امریکی قیدیوں کو جامعات کے اسکالرشپ تک رسائی کی سہولت دی جائے گی تاکہ وہ اپنے تعلیمی کورسز کو بہتر انداز میں آگے بڑھا سکیں، عہدیدار کا کہنا تھا کہ وزارت انصاف اور وزارت تعلیم آج(جمعہ کو ) قیدیوں کیلیے یونیورسٹی فیڈرل گرانٹ پیکج کا اعلان کریں گی،امریکی حکام کا کہنا ہے کہ وائیٹ ہاؤس جیلوں میں قید لوگوں کو تعلیم کے حصول کی زیادہ سے زیادہ سہولیات دے کر ان کے لیے علم کے حصول کے راستے کو آسان بنانا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ گرانٹ ان لوگوں کے لئے دوسرا موقع ہے جو جیلوں میں ڈالے جانے کے بعد اپنے تعلیمی کیریئر سے محروم ہوجاتے ہیں،خیال رہے کہ حال ہی میں امریکی صدر باراک اوباما نے ریاست اوکلاھوما کے دورے کے دوران ایک مرکزی جیل کا دورہ کیا اور جیل میں قید 46 امریکی قیدیوں کی سزاؤں میں تخفیف کی منظوری دی۔ کسی امریکی صدر کی جانب سے پہلی بار قیدیوں کی سزاؤں میں تخفیف کی گئی ہے،وزارت انصاف کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ وزارت تعلیم کی جانب سے قیدیوں کو اسکالرشپ تک رسائی دینے کی باضابطہ منظوری جلد ہی دے دی جائے گی جس کے بعد جیلوں میں قید یونیورسٹیوں اور کالجوں کے طلباء کو تعلیمی پروگراموں میں حصہ لینے کا موقع ملے گا۔