کاروباری شراکتیں قائم کرنے کے امکانات کا جائزہ لینے کیلئے چین کے 16رکنی تجارتی وفد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں کاروباری شراکتیں قائم کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا

جمعرات 30 جولائی 2015 18:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء) چین کے شہرژنجیانگ کی کمپنیوں کے ایک 16رکنی وفد نے ژنجیانگ حکومت کے ڈپارٹمنٹ آف کامرس کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل جناب ہیوائمنگ کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں کاروباری شراکتیں قائم کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وفد میں سٹیل، رئیل اسٹیٹ، توانائی، پیٹروکیمکلز، فوڈ پراسسنگ، کولڈسٹوریج چین، لاجسٹیک، انوسٹمنٹ ڈیویلپمنٹ اور انٹرنیشنل ٹریڈ کے نمائندگان شامل تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ژنجیانگ حکومت کے ڈپارٹمنٹ آف کامرس کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل جناب ہیوائمنگ نے کہا کہ چین اور پاکستان کے مابین مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے عمدہ مواقع پائے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر عمل درآمد سے دونوں ممالک کے درمیان طویل المدت پارٹنرشپ قائم کرنے کی راہ ہموار ہو گی کیونکہ اس منصوبے کے تحت دونوں ممالک کی تاجر برادری کیلئے کاروبار اور سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کی تاجر برادری اس تاریخی منصوبے سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے باہمی روابط قائم کرنے پر توجہ دیں اور اس منصوبے کے تحت کاروبار کو وسعت دینے کے سنہری مواقعوں کو کسی صورت ضائع نہ ہونے دے۔

انہوں نے پاکستانی تاجربرادری کیلئے ژنجیانگ میں پائے جانے والے سرمایہ کاری مواقعوں کے بارے میں شرکاء کو تفصیل سے آگاہ کیااورپاکستان سرمایہ کاروں پر زعور دیا کہ وہ ان مواقعوں سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے کوششیں تیز کریں۔اپنے استقبالیہ خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری نے چین کے وفد کو پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں پائے جانے والے سرمایہ کاری مواقعوں سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اب بہتری کی طرف گامزن ہے اور یہی مناسب وقت ہے کہ چین کے سرمایہ کار پاکستان میں توانائی ، انفراسٹریکچر کی ترقی ، ماربل و گرینائٹ سمیت قدری وسائل کی تلاش اور زراعت سمیت متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ چین کے سرمایہ کار پاکستان میں پیداواری یونٹس لگا کر خطے کے ممالک کو اپنی برآمدات بہتر طور پر فروغ دے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری دونوں ممالک کی تاجر برادری کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرے گا اور اس امیدکا اظہار کیا کہ اس راہداری منصوبہ پر عمل درآمد سے پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری چین کی کمپنیوں کو پاکستان میں کاروباری شراکتیں قائم کرنے و سرمایہ کاری بڑھانے اور دونوں ممالک کی تاجر برادری کے درمیان سرمایہ کاری اور جائنٹ وینچرز قائم کرنے کے مواقع تلاش کرنے میں بھرپور تعاون کرے گا۔

فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر میاں اکرم فریدنے کہا کہ پاک چین سلک روٹ دونوں ممالک کے مابین تجارت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی طرف سے گوادر بندرگاہ کی ترقی سے پاکستان کیلئے سنٹرل ایشیاء کی طرف تجارت و برآمدات کو ترقی دینے میں سہولت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ چین کے سرمایہ کار پاکستان مین سٹیل، معدنیات اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی طرف توجہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ژنجیانگ کے ساتھ قریبی تعلقات کو فروغ دے کر اپنی معیشت کیلئے فائدہ مند نتائج حاصل کر سکتا ہے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد شکیل منیر، نائب صدر محمد اشفاق حسین چٹھہ، ایف پی سی سی آئی کے چیف کوآرڈینیشن ملک سہیل حسین اور خالد اقبال ملک سمیت دیگر تاجروں نے بی ٹو بی میٹنگز میں حصہ لیا اور چین کے تاجروں کے ساتھ باہمی دلچسپی کے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے کے امور کا جائزہ لیا۔

متعلقہ عنوان :