لگتا ہے بارش کے روز ایم ڈی واسا کو ساتھ لیکر لاہور رجسٹری کی عمارت کے باہر معائنہ کرانا پڑیگا، سپریم کورٹ

دو رکنی بینچ نے چوبرجی ڈسپوزل اسٹیشن کے تعمیراتی کام شروع کرنے پر جامع رپورٹ طلب ،سیوریج سسٹم کی بحالی کے منصوبے کیخلاف ہائیکورٹ کے مختلف دس حکم امتناعی کی تفصیلات بھی جمع کرانے کی ہدایت کر دی

جمعرات 30 جولائی 2015 18:51

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء) سپریم کورٹ نے لاہور رجسٹری کی عمارت کے باہر نکاسی آب کے ناقص انتظامات پر از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دووران ایم ڈی واسا سے مسئلے کے حل بارے استفسارکرتے ہوئے کہا ہے کہ لگتا ہے کسی دن بارش کے روز ایم ڈی واسا کو ساتھ لیکر سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کی عمارت کے باہر معائنہ کرانا پڑے گا۔گزشتہ روز سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں جسٹس میاں ثاقب نثار اور جسٹس اعجاز احمد چوہدری پر مشتمل دو رکنی بینچ نے نکاسی آب پر از خود نوٹس کیس کی سماعت کی ۔

سماعت کے دوران ایم ڈی واسا چوہدری نصیر دیگر افسران کے ہمراہ فاضل بینچ کے رو بروپیش ہوئے ۔ دوران سماعت عدالت نے ایم ڈی واسا سے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے باہر نکاسی آب کے ناقص انتظامات کا مسئلہ کافی پرانا ہوچکا ہے ،بتایا جائے آخر اس مسئلے کا حل کب تک ہو گا؟ لگتا ہے کسی دن بارش کے روز ایم ڈی واسا کو ساتھ لے کر سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کی عمارت کے باہر معائنہ کرانا پڑے گا۔

(جاری ہے)

ایم ڈی واسا نے فاضل بینچ کے رو برو موقف اپنایا کہ اس مسئلہ کو حل کرنے کیلئے چوبرجی ڈسپوزل اسٹیشن جلد کام شروع جس کے بعد سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے باہر بارش کا پانی کھڑا ہونے میں 50فیصد کمی آئے گی ۔مرکزی ڈرین لائن میں مختلف مقامات پر اتار چڑھاؤہونے کی وجہ سے نکاسی آب کا مسئلہ سو فیصد حل نہیں ہو گا۔ ایم ڈی واسا نے مزید بتایا کہ شہر کے پورے سیوریج سسٹم کی بحالی کے منصوبے کے خلاف مختلف علاقوں کے رہائشیوں نے لاہور ہائیکورٹ سے حکم امتناعی حاصل کر رکھے ہیں،مجموعی طور پر دس حکم امتناعی کی وجہ سے منصوبے کی تکمیل میں رکاوٹ درپیش ہے ۔

اپنی بھرپور کوشش کر رہے ہیں کہ حکم امتناعی ختم کروا کر شہر بھر کا سیوریج سسٹم جلد اپ گریڈ کیا جائے ۔فاضل بینچ نے چوبرجی ڈسپوزل اسٹیشن کے تعمیراتی کام شروع کرنے پر جامع رپورٹ طلب کر تے ہوئے لاہور شہر کے سیوریج سسٹم کی بحالی کے منصوبے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ کے مختلف دس حکم امتناعی کی تفصیلات بھی جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔

متعلقہ عنوان :