وفاقی دارالحکومت کے ہسپتالوں میں سروسز کا معیار بہتر بنایا جائے، ممنون حسین

ہسپتالوں میں سہولیات، ادویات کی فراہمی ،مریضوں سے عملے کے رویے ،دیکھ بحال کا جائزہ لینے کیلئے سپاٹ چیکنگ کمیٹی قائم کی جائے، صدر مملکت کی ہدایت

جمعرات 30 جولائی 2015 18:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ہسپتالوں میں سروسز کا معیار بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔یہ بات صدر مملکت ممنون حسین نے وفاقی دارالحکومت میں صحت کی سہولیات کے حوالے سے ایوان صدر اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وزیر مملکت کیڈ بیرسٹر عثمان ابراہیم نے صدر مملکت کو اسلام آباد کے اسپتالوں میں صحت کی سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے پمز سمیت دیگر ہسپتالوں میں سہولیات کو بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کی صحت کو یقینی بنانے کیلئے حفظان صحت کے اصولوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اس کے علاوہ استعمال شدہ سرنجوں کو تلف کرنے کا جدید نظام مرتب کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معاملات کو بہتر بنانے کیلئے تیزی سے عملی اقدامات کیے جائیں اور اس ضمن میں تمام متعلقہ محکموں سے رابطہ کیا جائے۔

صدر مملکت نے ہسپتالوں میں سہولیات، ادویات کی فراہمی اور مریضوں سے عملے کے رویے اور دیکھ بحال کا جائزہ لینے کے لیے سپاٹ چیکنگ کمیٹی کے قیام کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں وزیر مملکت کیڈ بیرسٹر عثمان ابراھیم، رکن قومی اسمبلی زیب جعفر، سیکرٹری کیڈ خالد حنیف اور شہید ذولفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اکرم سمیت ایوان صدر کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :