Live Updates

موجودہ حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے تمام اضلاع میں سپورٹس کمپلیکس کے قیام کیلئے بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے

صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف کا مردا ن سپورٹس سٹی کمپلیکس کی تعمیر بارے اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب

جمعرات 30 جولائی 2015 18:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء ) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور نوجوانوں کو کھیل کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کیلئے تمام اضلاع میں سپورٹس کمپلیکس کے قیام کیلئے بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے۔

سرکاری سکولوں میں طلباء وطالبات کوسہولیات فراہم کرنے کیلئے امسال تمام سیکنڈری اور ہائی سکولوں کو ایک ایک لاکھ روپے فراہم کئے گئے ہیں تاکہ طلبہ نصابی کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی بھرپور حصہ لے سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردا ن سپورٹس سٹی کمپلیکس کی تعمیر کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری سپورٹس و ٹورازم اعظم خان،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس محمد عادل،اسسٹنٹ ڈائریکٹر سپورٹس سیکنڈری ایجوکیشن عارف شموزئی،بولیکسی انٹر نیشنل کے چیف ایگزیکٹو عمر قیصر بھی اجلاس میں شریک تھے۔

اس موقع پر متعلقہ حکام نے اجلاس کے شرکاء کو مردان سپورٹس سٹی کمپلیکس کی تعمیر کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ مردان سپورٹس سٹی کمپلیکس کی تعمیر سے جہاں مردان کے عوام کوبین الاقوامی معیار کے کھیلوں کی سہولیات ایک چھت کے نیچے فراہم کی جاسکیں گی وہاں لوگوں کو صحت مند تفریح کے علاوہ روزگار کے بھرپور مواقع بھی فراہم ہوں گے۔

وزیر تعلیم نے مردان سپورٹس سٹی کمپلیکس کے منصوبے پر کام کی رفتار کو تیزکرنے اور معیار کو یقینی بنانے کے لئے متعلقہ حکام کو ہدایات بھی جاری کیں۔اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن سپورٹس نے سرکاری سکولوں کو کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کے بارے میں اجلا س کوآگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ صوبے کے تمام سرکاری سیکنڈری و ہائی سکولوں کو ایک لاکھ روپے فی سکول کے حساب سے فنڈزفراہم کر دئیے گئے ہیں اور تمام سکولوں کی انتظامیہ کو متعلقہ سپورٹس فنڈزکو سرکاری سکولوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور طلبہ کوکھیلوں کی بھرپور سہولیات فراہم کرنے کے احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں۔

محمد عاطف نے اس موقع پر کہاکہ حکومت سرکاری سکولوں اور کالجوں میں کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی انہوں نے کہاکہ صوبے کے تمام اضلاع میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر اور کھیلوں کے میدان آباد کرنے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں تاکہ صحت مندمعاشرے کا قیام ممکن بنایا جاسکے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :