بنکوں سے لین دین پر0.3فیصد ٹیکس واپس نہ لیکر حکومت غلطی پر غلطی نہ کرے ‘خواجہ شاہ زیب اکرم

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی غلط پالیسیاں حکومت کے زوال کا باعث بنیں گی‘ ہنگامی اجلاس سے خطاب

جمعرات 30 جولائی 2015 18:21

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء) بنکوں سے لین دین پر ود ہولڈنگ ٹیکس کے بارے میں لائحہ عمل کیلئے فیروز پور انڈسٹریل ایسوسی ایشن لاہور کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں سینئر وائس چیئرمین خواجہ شاہ زیب ‘ چیئرمین مبشر بٹ وائس چیئرمین خالد محمود‘ عہدیداران عدنان بٹ،شاہد بیگ،ارشد بیگ، صداقت اﷲ و دیگر عہدیداران نے شرکت کی ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ شاہ زیب اکرم وائس چیئرمین پیاف و سینئروائس چیئرمین فیروز پور انڈسٹریل ایسوسی ایشن نے بنکوں سے لین دین پر تاجراور حکومت کے مذاکرات کی ناکامی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تاجروں کی جانب سے یکم اگست کی ہڑتال کو درست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بنکوں سے لین پرٹیکس واپس نہ لیکر حکومت غلطی پر غلطی نہ کرے۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی غلط پالیسیاں حکومت کے زوال کا باعث بنیں گی۔تاجروں کا اپنا مالیاتی ادارہ قائم کرنے کیلئے باہمی صلاح و مشورہ کے بعد اگر اس پر عملدرآمد ہوگیا اور تاجروں نے اپنی رقوم بنکوں سے نکلوا لی اور بنکوں سے لین دین ختم کردیا تو پورا بینکنگ سسٹم متاثر ہوگا اور بنک دیوالیہ ہوجائیں گے ۔خواجہ شاہ زیب نے کہا کہ بینکوں کے ذریعے ظالمانہ ٹیکس کی وصولی کسی بھی طور پر قابل قبول نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم یکم اگست کی ہڑتال میں تاجر برادری کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور جب تک تاجروں کے مسائل حل نہیں ہوتے اور تاجروں کے تمام مطالبات مان نہیں لیے جاتے ہیں ہم ان کے ساتھ ہیں بنکوں سے لین دین پر ودھ ہولڈنگ ٹیکس غنڈہ راج ہے تاجر برادری اس کو کبھی بھی قبول نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ق لیگ و مشتر حکومت لال مسجد سانحہ ‘ پیپلز پارٹی انرجی بحران اور ن لیگ اسحاق ڈار کی پالیسیوں کے باعث زوال کا شکار ہوگی اس لیے حکومت فی الفور اس مسئلہ کی طرف توجہ دے اور فوری طور پر بنکوں سے لین دین پر مذکورہ ٹیکس کے خاتمہ کا اعلان کرے۔

متعلقہ عنوان :