پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام اسرائیلی فوجیوں کی طرف سے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کیخلاف کل ’’یوم مذمت‘‘ منایا جائیگا

جمعرات 30 جولائی 2015 18:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء ) پاکستان علما ء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی اور سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا ہے کہ فرقہ وارانہ تشدد اور انتہاء پسندی کے خاتمے کے لیے اپنی جدوجہدجاری رکھے گی،پاکستان کے مسائل کا حل باہمی اتحاد سے ہی ممکن ہو سکتا ہے ، فلسطین سمیت عالم اسلام پر ہونے والے مظالم کی وجہ مسلمانوں میں اتحاد نہ ہونا ہے ۔

کل بروز ( جمعہ ) کو ملک بھر میں اسرائیلی فوجیوں کی طرف سے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کے خلاف ’’یوم مذمت‘‘ منایا جائے گا۔اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ فلسطینیوں ، کشمیریوں ، شامیوں ا ور عراقیوں پر عالم کفر اور نفاق کے مظالم بڑھتے چلے جا رہے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلم امہ ان مظالم کے خلاف متحد ہو جائے اور مسجد اقصیٰ کی آزادی سے لے کر شام ، عراق اور کشمیری مسلمانوں کی جدوجہد آزادی اور ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تاجکستان میں ہونے والی اسلامی کانفرنس کا اعلامیہ عالم اسلام کے مسلمانوں کے دل کی آواز ہے ۔ ا ب ضرورت اس امر کی ہے کہ اب مسلم علماء ، سکالرز اور دانشور اس اعلامیہ کو عملی شکل دیں اور نہ صرف حکومتی سطح پر بلکہ عوامی سطح پر انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خلاف اس اعلامیہ میں دی گئی رہنمائی پر عمل کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :