متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو ان کی ضرورت کے مطابق اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں‘ڈی جی جواد اکرم

18300خیمے، 15000مچھر دانیاں، 9375 فوڈ ہیمپرز، 72000منرل واٹر بوتل بھجوائی گئیں ہیں

جمعرات 30 جولائی 2015 18:18

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء) پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر جنرل جواد اکرم نے کہا ہے کہ دریاؤں ،ندی نالوں میں پانی کے اتار چڑھاؤ کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور سیلاب سے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو ان کی ضرورت کے مطابق اشیاء ضروریہ و خودونوش فراہم کی جا رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرہ اضلاع میں 141 ریلیف کیمپوں میں 10770 افراد قیام پذیر ہیں ،انتظامیہ نے 204کشتیوں کے ذریعے پانی میں گھرے 123272 افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچایا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو ان کی ضرورت کے مطابق 18300 خیمے ، 15000 مچھردانیاں بھی فراہم کی جا چکی ہے جبکہ 9375 فوڈ ھیمپرز اور 72000 منرل واٹر کی بوتلیں بھی متاثرین میں تقسیم کی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی طرف سے 48022 افراد کو تینوں وقت کھانا فراہم کیا جا رہا ہے ۔150 میڈیکل کیمپ اور 100 موبائل میڈیکل کیمپوں کے ذریعے 27144 مریضوں کو طبی امداد دی جا چکی ہے ۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ 328400 کلو ونڈہ/چارہ بھی جانوروں کے لئے فراہم کیا جا چکا ہے جبکہ 585197 جانوروں کومختلف بیماریوں سے بچاؤ کے لئے حفاظتی ٹیکے لگائے گئے ہیں۔