وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے اسپتالوں میں سروسز کا معیار بہتر بنانے کی ضرورت ہے، موجودہ وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے پمز سمیت دیگر اسپتالوں میں سہولیات کو بہتر بنایا جائے، صدر مملکت ممنون حسین کی ہدایت

جمعرات 30 جولائی 2015 18:02

اسلام آباد ۔ 30 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے اسپتالوں میں سروسز کا معیار بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پمز سمیت دیگر اسپتالوں میں سہولیات کو بہتر اور حفظان صحت کے اصولوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ یہ بات انہوں نے وفاقی دارالحکومت میں صحت کی سہولیات کے حوالے سے ایوان صدر میں جمعرات کو اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

وزیر مملکت کیڈ بیرسٹر عثمان ابراہیم نے صدر مملکت کو اسلام آباد کے اسپتالوں میں صحت کی سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے پمز سمیت دیگر اسپتالوں میں سہولیات کو بہتر بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسپتالوں میں مریضوں کی صحت کو یقینی بنانے کے لئے حفظان صحت کے اصولوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اس کے علاوہ استعمال شدہ سرنجوں کو تلف کرنے کا جدید نظام مرتب کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ معاملات کو بہتر بنانے کے لئے تیزی سے عملی اقدامات کئے جائیں اور اس ضمن میں تمام متعلقہ محکموں سے رابطہ کیا جائے۔ صدر مملکت نے اسپتالوں میں سہولیات، ادویات کی فراہمی اور مریضوں سے عملے کے رویئے اور دیکھ بحال کا جائزہ لینے کے لئے موقع پر چیکنگ کمیٹی کے قیام کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں وزیر مملکت کیڈ بیرسٹر عثمان ابراہیم، رکن قومی اسمبلی محترمہ زیب جعفر، سیکرٹری کیڈ خالد حنیف اور شہید ذولفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اکرم سمیت ایوان صدر کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔