پاکستانی خواتین کو مادر ملت کی تقلید کرنی چاہئے ،قوم ان پر جتنا فخر کرے کم ہے ، فاطمہ جناح نے برصغیر کی مسلم خواتین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے قیام پاکستان کی منزل کو آسان تر کر دیا

مسلم لیگ شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فرخ خان کابیان

جمعرات 30 جولائی 2015 17:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فرخ خان نے کہا ہے کہ پاکستانی خواتین کو مادر ملت کی تقلید کرنی چاہیئے ،قوم ان پر جتنا فخر کرے کم ہے ، مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح نے برصغیر کی مسلم خواتین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے قیام پاکستان کی منزل کو آسان تر کر دیا ۔ جمعرات کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ مادر ملت کا کردار ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ آج کی عورت کو بیدار کیا جائے اور اسے عزت ووقار کی علامت بنایا جائے ۔

مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کا پاکستانی سیاست میں اہم کردار رہا،1947ء سے پہلے ان کا تعلق آل انڈیا مسلم لیگ سے تھا اور اس کے بعد وہ پاکستان مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے عملی سیاست میں سر گرم رہیں، انہوں نے 19سال قائداعظم محمد علی جناح کے شانہ بشانہ ملکی سیاست میں اہم کردار ادا کیا ۔

(جاری ہے)

محترمہ فاطمہ جناح کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں ،ان کی سیاست کا ہر پہلو خواتین کے لئے مشعل راہ ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاؤس میں محترمہ فاطمہ جناح کے یوم ولادت کے موقع پر تقریب سے خطاب کے دوران کیا ، فرخ خان نے کہا کہ نے معاشرے میں خواتین کو ان کا مقام دلانے کے لئے دن رات محنت کی ،وہ جرات اور جہت مسلسل کی درخشاں مثال تھیں ،انہوں نے کہا کہ آج کے دن قوم یہ عہد کرے کہ محترمہ فاطمہ جناح کے نقش قدم پر چلتے ہوئے حق کا ساتھ دیں گے ، دیانتدار اور رواداری کو فروغ دیں گے ۔