محکمہ آثارقدیمہ کا پشاور میں انٹرنیشنل سطح کی نئی وال سٹی تعمیر کرنے کا فیصلہ

جمعرات 30 جولائی 2015 17:09

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء)صوبائی دارالحکومت پشاور کی چار دیواری اور 16گیٹس کی تزہین و آرائش و حفاظت کیلئے بلجیم یونیورسٹی کی مدد سے نئی وال سٹی تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جبکہ اس کی حفاظت اور دیکھ بھال کیلئے وال سٹی اتھارٹی بھی بنائی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹرآرکیالوجی و میوزیم ڈاکٹر عبدالصمد نے کیا ۔

انہوں نے کہاکہ پشاور کی چار دیواری اور تاریخی گیٹس کی تزہین و آرائش کیلئے دومرحلے میں کام کا آغاز کیا جائے جس کے پہلے مرحلے میں آغا خان فاؤنڈیشن اور لاہور وال سٹی کے ماہرین سے اس ماڈل وال سٹی کیلئے معلومات جمع کرکے ماسٹر پلان ترتیب دیا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلے میں بلجیم یونیورسٹی کی مدد سے کام کا آغاز کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

بلجیم یونیورسٹی نے اس سے قبل بھی ترکی میں وال سٹی تعمیر کی ہے ۔

پشاور کی وال سٹی پراجیکٹ کی تزہین آرائش ،گیٹس کی حفاظت و تعمیر کیلئے دو کروڑروپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ اس سلسلے میں وال سٹی اتھارٹی کے نام سے آرگنائزیشن بھی بنائی جائے گی جو کہ ان گیٹس اور چار دیواری کی حفاظت ، تزہین و آرائش و دیگر معاملات پر نظر رکھے گی ۔اس چاردیواری کے اندر موجود سیٹھی ہاؤس ، دلیپ کمار ہاؤس ، گھنٹہ گھر ، گورگٹھٹری پشاور اور دیگر مقامات کی تزہین و آرائش بھی کی جائے تاکہ پشاور کی عوام اور شہری ان قدیمی مقامات اور گھروں کا رخ کر سکیں ۔

ایشیاء گیٹ اور ٹھنڈی کوہی گیٹ اس وقت اپنی حالت میں موجود ہیں جس کو برقرار رکھا جائے گا۔ڈاکٹر عبدالصمد کا کہنا تھا کہ اس چار دیواری کے اندر واکنگ ٹریک بھی تعمیر کیا جائے جہاں گاڑیوں کو جانے کی اجازت نہیں ہو گی ۔ جس میں پشاور کے شہری اور دیگر عوام پیدل چہل قدمی کر سکیں گے ۔ اس انٹرنیشنل سطح کے پراجیکٹ سے صوبہ اور خاص کر پشاور کی عوام کو فائدہ کو گا اور پشاور کی تاریخی دیوار اور گیٹس اپنی اصلی حالت میں ایک بار پھر بحال ہو سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی خصوصی طور پر اس پراجیکٹ میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور پشاور کو اپنی اصلی حالت میں لانے کیلئے اقدامات کرنے کا ارادہ کیا ہے ۔ پشاور کی عوام اور تاجر برادری بھی شہر کے اندر واکنگ ٹریک اور شہر کی تزہین و آرائش چاہتی ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے شہر کو مزید خوبصورت بنایا جائے گا ۔