باڑہ تحصیل میں 2009ء سے بند چھوٹے کارخانوں کو دوبارہ چالوکیا ہے اور اب ڈیڑھ سو کے لگ بھگ بڑی صنعتوں کو بھی چالوکررہے ہیں،گورنر خیبر پختونخوا

جمعرات 30 جولائی 2015 17:07

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء)گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب احمد خان نے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پیغام دیا ہے کہ اللہ کے فضل سے اب نہ صرف صوبہ خیبر پختونخوا بلکہ فاٹامیں بھی سرمایہ کاری کیلئے فضاء انتہائی سازگار ہے اورملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار اس صوبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپورفائدہ اٹھاسکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ باڑہ تحصیل میں 2009ء سے بند چھوٹے کارخانوں کو دوبارہ چالوکیا ہے اور اب ڈیڑھ سو کے لگ بھگ بڑی صنعتوں کو بھی چالوکررہے ہیں۔ مہمند ماربل سٹی پرکام جاری ہے اور فاٹاکی جامع منرل پالیسی کا اعلان ہوچکا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ صوبے اور فاٹا میں حالات سرمایہ کاری کیلئے سازگار ہیں۔وہ گزشتہ رات پشاور میں خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی جانب سے بارویں بزنس ایکسی لینس ایوارڈ 2013-14کی تقریب کی صدارت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ سنیٹر محمد اسحق ڈار،گورنر سٹیٹ بینک ارشد محمود وطرا، فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین طارق باجوہ، آڈیٹر جنرل آف پاکستان اسد امین ، چیمبر آف کامرس کے صدر فواد اسحاق ، بزنس مین فورم کے صدر سنیٹر الیاس احمد بلور،سنیٹر محسن عزیز ، سینئر بینکار، صنعتکار ‘ تاجر ،ایکسپورٹرزاورپرنٹ اینڈ الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

گورنر نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نوازشریف اور وفاقی وزیر خزانہ سنیٹر محمد اسحق ڈار خراج تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے وفاقی بجٹ برائے سال 2015-16ء میں خیبر پختونخوا کیلئے اہم اور تاریخی مراعات کا اعلان کیااور امید ظاہر کی کہ اس مراعاتی پیکیج سے یہاں کی معیشت کو استحکام ملے گااور یہاں کی بزنس کمیونٹی اس ریلیف پیکیج کے ثمرات سے مستفید ہوگی ۔

انہوں نے وفاقی وزیر خزانہ سنیٹر محمد اسحق ڈارکا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پشاور تشریف لاکر پاکستان کے ایک بڑے پرائم چیمبر کی بزنس کمیونٹی کو عزت بخشی۔انہوں نے کہا کہ بلا شبہ وفاقی وزیر خزانہ کا پشاور آنا اور اس صوبے کی بزنس کمیونٹی کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں ان کی بہترین کاروباری پرفارمنس پر اعزازات سے نوازنا ان کیلئے حوصلہ افزا ئی کی بات ہے ۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ سنیٹر محمد اسحق ڈار کے توسط سے حکومت اور بزنس کمیونٹی کے مابین خوشگوار تعلقات کو فروغ ملے گا۔انہوں نے خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر، ان کی کابینہ اوربزنس ایکسی لینس ایوارڈ کمیٹی کے چیئرمین کو 12th Business Excellence Award 2013-14 تقریب کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کی بزنس کمیونٹی دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ کے نتیجے میں بری طرح متاثر ہوئی ہے اور انتہائی نامساعد حالات میں بھی بہترانداز میں کاروباری سرگرمیاں جاری رکھتے ہوئے سرمایہ کاری،برآمدات اور تجارت کے شعبے میں اپنی بھرپور کاروباری کارکردگی دکھا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کے جان و مال کو ہرممکن تحفظ فراہم کرے گی اور انشاء اللہ تعالیٰ ان اقدامات سے یہ صوبہ اور فاٹا بھی معاشی اعتبار سے بھرپور ترقی کریگا۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی ترقی سے صوبے میں بے روزگاری کی شرح میں کمی واقع ہوگی اور غربت کا خاتمہ ہوگا۔ تقریب سے وفاقی وزیر خزانہ اور کئی دوسری شخصیات نے بھی خطاب کیا اور خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر بہترین خدمات پر 19 صنعتکاروں میں گولڈ میڈل تقسیم کئے گئے جبکہ درجنوں صنعتکاروں کو سرٹیفکیٹس اور شیلڈز دئے گئے ۔ انڈسٹریز میں گولڈ میڈلز حاصل کرنے والوں میں لکی سیمنٹ ، گدون ٹیکسٹائل ملز ، ایسوسی ایٹڈ اندسٹریز، ڈینز انڈسٹریل اور خیبر ٹوبیکو شامل ہیں۔ اسی طرح کمرشل سیکٹر میں دو گولڈ میڈلز الامداد جنرل ٹریڈنگ کے حصے میں آئے جبکہ سروسز سیکٹر میں گولڈ میڈلز حاصل کرنے والوں میں خالد کارپوریشن ، حارث انٹرپرائز، سٹی یونیورسٹی، ٹریول اینڈ مور، خالد گڈز ٹرانسپورٹ کمپنی ، ایز الیکٹرانکس اور زاہد ٹریولز شامل ہیں ۔ اسکے علاوہ بہترین خدمات پر کئی صنعتکاروں کو شیلڈز اور سرٹیفکیٹس سے نواز ا گیا۔