مون سون بارشو ں سے وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی لاروا کی پیدا ئش کا انکشاف

جمعرات 30 جولائی 2015 17:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء) مون سون بارشو ں سے وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی لاروا کی پیدا ئش کا انکشاف ضلعی انتظامیہ کی کارروائی سفارشی سیکٹرز کے چند گھروں تک محدود ہو گئی ،متعلقہ مقامات کا سروے اورذمہ داران کے خلاف کارروائی نہ کی جاسکی جبکہ شکایات والے مقامات کو سیل بھی نہیں کیاگیا ہے ،ضلعی انتظامیہ کی لاپرواہی اور بروقت سرو ے نہ کیے جانے کے باعث بڑے پیمانے پربیماریوں پھیلنے کاخدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔

ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہ گزشتہ چند سالوں میں ڈینگی کے مرض سے ملک بھر میں بے پناہ نقصان ہوا جس کے بعد محکمہ صحت نے گندے پانی کے ذخائر فوری ختم کرنے سمیت دیگرحفاظتی اقدامات کو لازمی قرار دیا تھا تاہم وفاق میں ضلعی انتظامیہ کی ڈینگی کی روک تھام اور آگاہی مہم نامعلوم وجوہات کی بنیاد پر سر خانے کی نظر کردی گئی ہے جبکہ آن لائن کو حاصل اطلاعات کے مطابق اسلام آباد کے پوش سیکٹروں سمیت دیہی علاقوں میں بڑے پیمانے پر ڈینگی لاروا کی پیدائش کے خدشات ظاہر کیے جارہے ہیں جن میں ایف ایٹ ،میٹروبس منصوبہ کے زیر تعمیر مقامات ،جی نائن ،جی سیون ،جی سکس،ایف سیون ،جی ٹین ،گولڑہ ،بارہ کہو سمیت سید پور ولیج کے مقامات سرفہرست ہیں ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ کو ہرسال ڈینگی مہم آگاہی ،ادوایات ،سپرے سمیت دیگر مراعات کی مد میں سالانہ لاکھوں روپے وفاقی حکومت کی جانب سے فراہم کیے جاتے ہیں ۔دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اسلام آباد کے چند پوش سیکٹروں میں ڈینگی سپرے مہم کے تحت رمضان المبارک سے قبل کام کیا گیا تھا تاہم مون سون بارشوں کے بعد پید اہونے والی صورت حال پر نہ تو کوئی سروے کیا گیا ہے اور نہ ہی شہریوں میں ڈینگی سے بچنے کے لیے آگاہی مہم شروع کی جاسکی ہے ۔

واضح رہے کہ چند مقامات پر شکایات کے بعد ضلعی انتظامیہ نے ذمہ داران کے خلاف بھی کوئی کارروائی عمل میں نہ لائی ہے اور نہ ہی اب تک متعلقہ غیر محفوظ مقامات کو سیل کیا گیا ہے ۔ضلع انتظامیہ کے ترجمان خالد محمود سے آن لائن کے متعدد بار رابطہ کرنے کے باوجود جواب موصول نہ ہوسکا ۔