بجلی کے پیدواری منصوبوں کی تکمیل سے لوڈشیڈنگ میں کمی آئے گی، وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی

جمعرات 30 جولائی 2015 16:55

سکھر ۔30جولائی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ حکومت نے توانائی کے منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کردیا ہے ملک میں بجلی کے پیدواری منصوبوں کی تکمیل سے لوڈشیڈنگ میں کمی آئے گی ، جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز دورہ سکھر کے دوران مسلم لیگ ن ضلع سکھر کے صدر،سیپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن امام الدین کھوسو , ترجمان خورشید احمد میرانی , رکن سیپکو بورڈ آغا امتیاز کی قیادت میں سیپکو ریسٹ ہاؤس میں ملاقات کرنے والے لیگی کارکنوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،وزیر مملکت نے مذید کہا کہ لائن مین , میٹر ریڈر لائن سپریٹنڈنٹ ودیگر اسٹاف کو کارکردگی بہتر بنانے کے لئے ایک ماہ کی مہلت دی ہے ایک ماہ کے بعد دوبارہ سکھر کا دورہ کریں گے ۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے مذید کہا کہ سیپکو سمیت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کا ہدایت کی ہے کہ وہ بجلی کی چوری اور نادہندگان صارفین کے خلاف مہم تیز کریں اور بجلی چوری میں ملوث صارفین اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کے ساتھ صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں بصورت دیگرانکے خلاف سخت محکمہ جاتی کاروائی کی جائے گی۔اس موقع پر وفد نے ضلع سکھر میں پارٹی مسائل اور سیپکو کی کارکردگی اور صارفین کی مشکلات کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا جس پر عابد شیر علی نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ دورہ سکھر پر پارٹی دفتر کا دورہ کرکے کارکنوں کے مسائل سنیں گے۔