دیواروں پر ہر قسم کی وال چاکنگ اور پوسٹرز چسپاں کرنے پر پابندی عائد

جمعرات 30 جولائی 2015 16:50

فیصل آباد ۔30 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء)حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں دیواروں پر ہر قسم کی وال چاکنگ اور پوسٹرز چسپاں کرنے پر پابندی عائد کردی ہے اور تمام ڈویژنل کمشنرز ، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسرز ، ایڈمنسٹریٹرز ٹی ایم ایز و دیگر حکام کے نام جاری کئے گئے مراسلہ میں کہاہے کہ مذکورہ پابندی پر ہرحال میں سختی سے عملدرآمد کروایاجائے اور احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھو ں سے نمٹاجائے خواہ وہ کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں۔

سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ فیصل آبادکے ترجمان نے بتایاکہ اس ضمن میں ڈی سی اوفیصل آباد نورالامین مینگل نے بھی ہدایت کی ہے کہ شہر میں دیواروں پر کسی قسم کی وال چاکنگ اور پوسٹرز چسپاں کرنے والوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز اور ٹی ایم اوز سے کہاکہ وہ شہر کی دیواروں کا سروے کریں اور وال چاکنگ اور تشہیری پوسٹر چسپاں کرنے والوں کیخلاف مقدمات کے اندراج کے علاوہ متعلقہ اداروں کو سیل کردیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وال چاکنگ اور پوسٹر لگانے سے نہ صرف شہر بد نما ہوتا ہے بلکہ متنازعہ اورقابل اعتراض پبلسٹی سے امن عامہ سمیت دیگر کئی مسائل جنم لیتے ہیں لہٰذا اس غیر قانونی فعل کی سختی سے حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔انہوں نے خبردار کیا کہ شہر کی دیواروں پر درج تحریر یں یا چسپاں پوسٹرز کو از خود صاف کردیا جائے بصورت دیگر جن طبی،تعلیمی یا دیگر اداروں کی جانب سے یہ پوسٹرلگائے گئے ہیں ان کے خلاف قانونی کارروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا ۔انہوں نے ٹی ایم ایز کے افسران سے کہا کہ وہ اپنے علاقوں میں سروے کرکے وال چاکنگ کے صفایا سے متعلق تفصیلی رپورٹ سے آگاہ کریں۔