پنجاب میں انٹرنیٹ اور ٹیلی کام سروسز پر 19.5 فیصد کی شرح سے لگایا جانے والا ٹیکس ختم

جمعرات 30 جولائی 2015 16:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے صوبے میں انٹرنیٹ اور ٹیلی کام سروسز پر لگائے گئے ٹیکس کو ختم کرنے کی منظوری دے دی۔ ٹیکس انیس اعشاریہ پانچ فیصد کی شرح سے وصول کیا جا رہا تھا۔وزیراعلیٰ نے ٹیلی کام اور انٹرنیٹ سروسز پر ٹیکس ختم کرنے کی منظوری ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران دی جس میں محکمہ خزانہ، ریونیو اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پی آئی ٹی بی کے عہدیداروں نے یہ ٹیکس ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے ختم کرنے کی استدعا کی مگر محکمہ خزانہ اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ نے اس ٹیکس کو ختم کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ٹیکس ختم کرنے سے صوبے کو پانچ ارب روپے کے محاصل کا نقصان ہوگا تاہم وزیراعلیٰ پنجاب نے اس ٹیکس کو ختم کرنے کی ہدایت کر دی۔اس سے قبل محکمہ خزانہ نے بجٹ میں یہ ٹیکس نہ لگانے کا اعلان کیا تھا مگر رواں ہفتے کسی اعلان کے بغیر اس ٹیکس کی وصولی شروع کردی گئی تھی۔