کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں 43 فیصد کمی آئی، شہر میں کاروائیوں کے دوران 713دہشتگرد،118 اغواء کاراور 517 بھتہ خوروں کو گرفتار کیا گیا ، کراچی آپریشن کسی سیاسی جماعت کیخلاف نہیں دہشتگردوں اور جرائم پیشہ افراد کیخلاف ہے

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی قومی اسمبلی میں کراچی آپریشن بارے بریفنگ

جمعرات 30 جولائی 2015 16:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 جولائی۔2015ء ) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں 43 فیصد کمی آئی ہے اور شہر میں کاروائیوں کے دوران 713دہشتگرد،118 اغواء کاراور 517 بھتہ خوروں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔جمعرات کو قومی اسمبلی میں وزیر داخلہ چودھری نثار نے کراچی آپریشن کی کامیابیوں کے تفصیلی اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں دہشتگرد ی اورجرائم کے خلاف جاری آپریشن کے دوران ابتک 630 مطلوب جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے ۔

چوہدری نثار نے کہاکہ شہر میں قتل کے واقعات میں 37 فیصد جبکہ دہشتگردی کے واقعات میں 6.7 فیصد کمی آئی ہے ۔انھوں نے کہاکہ شہر میں جاری آپریشن کے دوران قتل کے دیگر واقعات میں 37 فیصد کمی ہوئی ہے ، دہشتگردی کی وارداتوں میں 6.7 فیصد، راہزنی کی وارداتوں میں 31.3 فیصد کمی ہوئی جبکہ 630 اشتہاری مجرمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ، 14 ہزار 253 ہتھیار برآمد کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے بتایا کہ 713 دہشتگردوں کے ساتھ ساتھ ابتک 58603مشتبہ افراد کو بھی گرفتارکیا گیا ہے جن میں سے 713 افراد قتل کے شبے جبکہ 517 افرادبھتہ خوری میں ملوث تھے۔وزیر داخلہ چوہدری نثار نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ آپریشن کے دوران 14253 ہتھیار برآمد کیے گئے ہیں اور آپریشن کے دوران مفروروں کی تعداد میں9.4 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔کراچی آپریشن کے نتیجے میں جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے ۔

چوہدری نثار نے ایک بار پھر کہاکہ کراچی آپریشن کسی بھی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں بلکہ دہشتگردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہے ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنے ملازمین کو سیکورٹی کی تربیت فراہم کریں اور اپنے ملازمین کی سیکورٹی کلیرنس کو یقینی بنایا جائے ۔انھوں نے کہاکہ پولیس ،سول آرمڈ فورسزبغیر کسی فیس کے تربیت دینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے نجی سیکیورٹی ایجنسیوں کے حوالے سے نئی پالیسی بنائی ہے جس کے تحت سیکیورٹی گارڈز کو اسلحہ چلانے کی تربیت دی جائے گی جبکہ اس امر کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔انھوں کہاکہ اسلام آباد میں بعض غیر ملکی 20 سال سے رہائش پذیر ہیں۔